ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے بھیونڈی کے شانتی نگر علاقے میں کے جی این چوک پر پرانی دشمنی کی وجہ سے گزشتہ شام دو گروپوں میں خونی جھڑپ ہوگئی۔ چاقو زنی کے واقعے میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ دیگر افراد شید طور پر زخمی ہوگئے ۔اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پورے علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔
شانتی نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر ونائک گائیکواڈ نے بتایا کہ اس جان لیوا حملے میں 46 برس کے زبیر شعیب شیخ کی موت ہوگئی ہے۔ اس معاملے میں ہم سخت کارروائی کریں گے۔جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔زخمیوں کو نزدگی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ایک شخص علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
جانکاری کے مطابق چھ لوگ اس واردات میں زخمی ہوئے۔ اُن کا علاج چل رہا ہے۔اس دوران اہل خانہ کا الزام ہے کہ لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی جس کے بعد اسے سمجھایا گیا تھا لیکن 29 نومبر 2023 کو اسی معاملے پر وفا کمپلیکس میں کرکٹ کھیلتے ہوئے جھگڑے کے دوران اس پر چاقو سے حملہ کر دیا گیا۔
اس کے بعد سے جھگڑا چل رہا تھا۔آج شام افطار سے قبل جی این چوک میں افطار کی خریداری کے دوران جھگڑے کے بعد چاقو چھوریوں، ڈنڈوں سمیت تیز دھار ہتھیاروں سے حملے میں سارا معاملہ خونی شکل اختیار کر گیا۔ پانچ سے چھ افراد زخمی ہوئے۔ لواحقین نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ ملزمین کو جلد از جلد گرفتار کرکے کارروائی کی جائے۔