مرادآباد: سال 2024 میں حج کو تشریف لے جانے والے عازمین حج کی سہولیت اور اراکین حج کو درستگی کے ساتھ ادا کرنے کے لیے اس مرتبہ بھی 27 اور 28 اپریل کو مرادآباد کے مشہور و معروف مدرسہ جامع نعیمیہ میں ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین عازمین حج نے شرکت کی اور سبھی نے حج کے ارکان کو جانا سمجھا اور اس پر عمل پیرا ہونے کی دعا کی۔
مولانا اکبر علی نے ارکان حج سے متعلق معلومات فراہم کراتے ہوئے کس رکن کو کیسے ادا کرنا ہے، اس کے کیا شرائط ہیں، کیا ممنوعات ہیں اور کس طرح حج کے ارکان ادا کرنے ہیں، یہ ساری جانکاری عازمین حج کو دی۔
اپنے شوہر کے ساتھ پہلی مرتبہ حج کے سفر پر جانے والی خاتون شازیہ نے بتایا کہ اس کیمپ میں حج کے ارکان ادا کرنے کے لیے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ ان کے ساتھ اور دیگر خواتین بھی اس کیمپ میں شامل ہوئیں اور انہیں کئی دعائیں بتائی گئی ہیں اور حج کو ادا کرنے کے ارکان کے بارے میں تفصیل معلومات فراہم کرائی گئی ہے۔
منہاج قدیری نے رب کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ حج کے سفر کے دوران ہونے والی چھوٹی چھوٹی غلطیوں سے بچنے کے لیے ہم اس تربیتی کیمپ میں آئے ہیں جہاں ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے عازمین حج کے لیے جو اس کیمپ میں شرکت نہیں کر پائے یا وہ حضرات جو مکمل طور پر حج کے مسائل کو نہیں سمجھ پائے ہیں مولانا اکبر علی کی جانب سے ایسے حضرات کے لیے ایک کتابچہ تیار کیا گیا ہے جس کو اس تربیتی کیمپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جے پور میں عازمین حج کے لیے تربیتی کیمپ
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مقرر ضلع حج ٹرینر فیصل خسرو نے حج کے سفر پر تشریف لے جانے والے حاجیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دو روزہ تربیتی کیمپ کے آخری دن آج حج کے سفر کے دوران ہونے والی دشواریوں سے بچنے اور حکومت کی جانب سے وہاں حاجیوں کے لیے جو سہولیات فراہم کی گئی ہیں اس سے متعلق معلومات دی کی گئی۔ حج کے مسائل بتائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ مرادآباد ضلع سے 1880 عازمین حج کے سفر پر جا رہے ہیں اور پورے اتر پردیش میں مرادآباد سے عازمین حج کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔