گیا: ضلع گیا کے میونسپل کارپوریشن کے تحت بسنے والی آبادی والے رہائشی، میونسپل کارپوریشن اور ریاستی حکومت سے ناراض ہیں۔ اس کی وجہ ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ اور کئی سڑکوں کی اے کٹیگری میں درجہ بندی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی اس کارروائی سے تمام بڑی تجارتی اور سماجی تنظیموں کے ساتھ کارپوریشن کے عوامی نمائندے' وارڈ کونسلر' ناخوش ہیں۔ صورت حال یہ ہے کہ شہر کی تمام تنظیموں کے ساتھ وارڈ کونسلروں کا ایک گروپ متحد ہو کر آواز بلند کر رہا ہے۔ اس کے لیے ان کی جانب سے حکومت تک اپنا میمورنڈم انتظامیہ کے توسط سے بھیج کر ٹیکس قانون میں اہم اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
گیا: نوجوانوں کو نشہ سے آزاد کرانے کی مہم شروع کی گئی ہے - Free Youth From Drug Addiction
وارڈ کونسلر نیر احمد کا کہنا ہے کہ یہ صرف شہر کے تجارتی حلقوں اور لوگوں کا معاملہ نہیں ہے۔ بلکہ اس گلی سے جڑی ہر سڑک اور گھر کا معاملہ ہے، جس کی درجہ بندی اے کیٹیگری میں کی گئی ہے۔ تنگ گلیوں کے راستوں کو بھی من مانے طریقہ سے اے کٹیگری میں کرکے اضافی ٹیکس لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے تحاشہ ٹیکس اس طرح اضافہ کیا گیا ہے جیسے کہ لگتا ہے کہ ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے، بلکہ سیدھے طور پر لوگوں کی جیب سے پیسے چھینے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکس بڑھائے جانے یا ٹیکس بڑھانے کے لیے پرانے اصول و ضوابط اور سڑکوں کی درجہ بندی کے خلاف نہیں ہیں۔ لیکن کوئی بھی ٹیکس طریقہ کار کے مطابق بڑھایا جا سکتا ہے۔ لیکن یہاں ایسا کچھ نہیں ہوا ہے، بلکہ سبھی اصول وضوابط کو بالائے طاق رکھ کر فیصلہ کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اس کے لیے عام لوگوں کے ساتھ متحد ہو کر اپنے مطالبات کے حوالے سے مہم چلائیں گے، انہوں نے بتایا کہ چیمبر آف کامرس گیا یونٹ کے ذریعہ حکومت سے لیکر انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ محکمہ کو میمورنڈم بھیجا گیا ہے۔ چیمبر آف کامرس کے صدر وپیندر اگروال کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے درجہ بندی میں من مانی کی ہے۔ یہاں تک کہ درجہ بندی کا قانونی عمل بھی مکمل نہیں ہوا تھا اور حکومت نے املاک پر کئی گنا اضافی ٹیکس بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کو یوں سمجھیں کہ جو ٹیکس کے طور پر اگر 80 ہزار روپے سالانہ دیتے تھے۔ اب اُنہیں سیدھے 2 لاکھ 20 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔ یہ مکمل طور پر من مانی رویہ ہے۔
جب کہ اس حوالے سے شیخ عاقل حسین اور فیاض احمد نے کہا کہ گیا میں پہلے 24 اہم سڑکیں 'مین روڈ' یعنی کہ اے کٹیگری میں تھیں۔ اب اس کی تعداد اے کٹیگری بڑھا کر 74 کر دی گئی ہے۔ یہی نہیں وہ چھوٹی سڑکیں بھی اس میں شامل کی گئیں، جہاں آٹو بھی نہیں جا سکتے۔ آلوک نندن نے کہا کہ یقیناً ہم گیا میں ہیں لیکن اب ہمیں پٹنہ اور بڑے شہروں کی اہم سڑکوں کی طرح ہی یہاں پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ اب اس کے لیے سبھی تنظیموں اور معزز سیاسی سماجی شخصیات کے ساتھ مل کر تحریک چلائی جائے گی۔