علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) دواخانہ طبیہ کالج تقریباً 74 سال قبل یعنی 1950 میں قائم کیا گیا تھا۔ اُس وقت کے وائس چانسلر اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین کے بتائے ہوئے نظریات اور مقاصد کے مطابق 'معیاری یونانی دوا' مہیا کرانے کے ایک مرکز میں تبدیل ہوا۔ اس کا مقصد طبیہ کالج کے طلبہ کو دوا بنانے کی ٹریننگ دینا ہے۔ یہاں آج مختلف بیماریوں کے لیے تقریباً 400 سے زائد اعلیٰ معیار کی دوائیں بنانے کے لیے پرانی اور نئی تکنیکوں کا امتزاج استعمال کیا جاتا ہے۔
مختلف بیماریوں کے لیے 400 سے زائد مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ جن میں سے کچھ مصنوعات کافی اہم اور خاص ہیں جیسے دماغین، خون صفا، شربت نزلہ، یونانی ٹانک، نسوانی وغیرہ۔
دواخانہ طبیہ کالج کی ممبر انچارج (ایم آئی سی) پروفیسر سلمیٰ احمد نے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے شوگر فری دماغین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روایتی دماغین میں شکر ہوتی ہے۔ دواخانہ طبیہ کالج کا مقصد اپنی تازہ ترین پیشکش کے ساتھ ذیابیطس کی شکار آبادی کی ضرورت کو پورا کرنا ہے، نئی مصنوعات تیار کرنے میں دواخانہ طبیہ کالج کی ٹیم کی تعریف کی اور شوگر فری دماغین کو ایک اہم پروڈکٹ قرار دیا۔
انہوں نے مزید بتایا شوگر فری دماغین کی رونمائی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے رجسٹرار محمد عمران کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹو بلاک کے کانفرنس ہال میں کی اور جلد ہی یہ نئی مصنوعات بازار میں دستیاب ہوگی۔
دواخانہ طبیہ کالج پروڈکشن کے اسسٹنٹ مینیجر اور قائم مقام جنرل مینجر نے دواخانہ طبیہ کالج اور شوگر فری دماغین سے متعلق بتایا اے ایم یو کا دواخانہ طبیہ کالج اب یونانی ادویات کا ایک مکمل مینوفیکچرنگ یونٹ میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے لیے خالص اجزا کے انتخاب کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ اعلیٰ معیار اور مناسب قیمتوں کی وجہ سے حالیہ برسوں کے دوران یہاں بنائی جانے والی مصنوعات کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خوراک کے تحفظ میں خواتین کے کردار پر قومی سمینار
قائم مقام جنرل منیجرمسٹر محمد شارق اعظم نے ایک بڑی آبادی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے مذکورہ پروڈکٹ کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔واضح رہے تقریباً 6 ایکڑ اراضی پر دوا بنانے کی نئی فیکٹری، اے ایم یو قلعہ روڈ کی لاء فیکلٹی کے قریب تعمیر کی گئی ہے جہاں دواخانہ طبیہ کالج کی تمام مصنوعات ایک ہی چھت کے نیچے پرانی اور نئی تکنیکوں کے امتزاج سے تیار کی جاتی ہیں۔