گیا: گیا شہر میں واقع مگدھ ڈویژن کے سب سے بڑے اسپتال ' انوگره نارائن اسپتال ' میں سپر اسپیشلٹی اسپتال کی عمارت بن کر مکمل ہوچکی ہے۔ اسپتال کا چھ ستمبر کو مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا افتتاح کریں گے۔ ان کی آمد سے قبل اسپتال اور ضلع انتظامیہ تیاریوں میں مصروف ہے۔ اسپتال تک پہنچنے کے لیے خراب سڑک مرمت کی جا رہی ہے۔ لیکن مرکزی وزیر صحت کی آمد سے قبل یہاں انوگره نارائن مگدھ میڈیکل کالج و اسپتال کے طلباء ناراض ہیں۔ ناراضگی کی وجہ متعدد ہیں جن میں ایک یہ بھی ہے کہ طلبا کے ہاسٹل تک پہنچنے والی سڑک انتہائی خستہ حالت میں تھی۔
اس کو لے کر طلبا متعدد بار اسپتال انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے مل کر سڑک کی مرمتی اور پختہ کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ لیکن ان کے مطالبے پر نہ تو اسپتال انتظامیہ اور نہ ہی ضلع انتظامیہ کی طرف سے کوئی پہل کی گئی تھی۔ لیکن اب جب کہ مرکزی وزیر کی آمد ہے تو ان کی آمد سے قبل ضلع انتظامیہ اور اسپتال انتظامیہ کی طرف سے سڑک کو پختہ کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ دن میں سڑک بنائی گئی تاہم دیر رات کو طلباء نے جے سی بی کو لگا کر اکھاڑ دی۔ دن میں جب سڑک کی مرمتی کے لیے مزدور پہنچے تو پایا کہ سڑک کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
اسپتال علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرے کے فوٹیج کو کھنگالا گیا تو دیکھا گیا کہ جے سی بی مشین لگا کر سڑک توڑی جارہی ہے اور کچھ لوگ وہاں پر موجود ہیں۔ جس کے بعد ان کی پہچان کی گئی تو پایا گیا کہ یہ ناراض طلباء ہیں۔ اس پورے معاملے میں اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ونود کمار سنگھ نے بتایا کہ یہاں کے ہاسٹل میں رہنے والے میڈیکل کے طلبہ کو خستہ حال ہاسٹل اور خستہ حال سڑکوں سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں وہ خود طلبہ کے ساتھ ڈی ایم سے ملے ہیں۔ طلباء کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے گیا کے ڈی ایم نے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی تھی۔ ان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
کولکاتا ڈاکٹر ریپ قتل کے خلاف اے ایم یو طالبات کا زبردست احتجاج - AMU students protest
بتایا جاتا ہے کہ سڑک کی تعمیر کو لے کر طلباء کا کہنا تھا کہ سڑک کو اس طرح بنایا جائے کہ کافی لمبے وقت تک چلتی رہے اور خراب نہ ہو۔ ایسا نہ ہو کہ وزیر کے جانے کے بعد دو دن میں دوبارہ وہی صورت حال پیدا ہو جائے۔ سڑک کو اکھاڑ پھینکنے کے پیچھے میڈیکل کے طلباء کی ناراضگی کی وجہ یہی تھی۔ طلباء ٹھوس اور پختہ سڑک بنائے جانے کی مانگ کررہے تھے. جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے، سڑک بہتر ڈھنگ سے نہیں بنائی جارہی تھی۔ واضح ہو کہ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اسپتال کے افتتاح کے لیے آئیں گے، اسی کو لیکر سڑک کو درست کیا جارہا ہے۔