گیا: گیا ضلع کے ایک نجی اسکول میں بچے کے قتل کے معاملہ کا پولیس نے سنسنی خیز انکشاف کیا ہے۔ پولیس کی یہ بڑی کاروائی تسلیم کی جا رہی ہے ۔ اس معاملہ میں ضلع پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے۔ گرفتار شخص نجی اسکول کے ڈائریکٹر کا بیٹا ہے جو اسکول میں بچوں کو پڑھاتا بھی تھا۔
پولیس کے انکشاف میں یہ باتیں بھی سامنے آئی ہیں کہ وہ اکثر و بیشتر بچوں کی پٹائی بے رحمی سے کیا کرتا تھا۔ گزشتہ دنوں بھی اس نے بچوں کی پٹائی کی تھی حالانکہ ابھی پولیس نے اس بات کا انکشاف نہیں کیا ہے کہ بچے کا قتل کس طرح کیا گیا اور مارنے کی وجہ کیا تھی۔ لیکن پولیس نے اس بات کی تصدیق میڈیکل رپورٹ اور ایف ایس ایل کی رپورٹ کے مطابق کیا ہے کہ بچے کی موت پٹائی کی وجہ سے ہی ہوئی ہے نا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہوئی ہے۔ بلکہ بچے کی موت کے بعد اسے ریلوے ٹریک پر پھینکا گیا ہے۔ اسکول سے ریلوے ٹریک چار کلو میٹر سے بھی زیادہ دوری پر واقع ہے۔
اس حوالے سے گیا ضلع کے ایس ایس پی آشیش بھارتی نے پریس کانفرنس کر نامہ نگاروں کو بتایا کہ آٹھ مئی کو منینی گاوں کے پاس واقع ریلوے ٹریک سے ایک بچے کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اس کے بعد بچے کے رشتہ داروں کی جانب سے تھانہ میں ایک درخواست دی گئی تھی۔ جس میں انہوں نے کہا تھا اُن کے بچے کا قتل ہوا ہے۔اس میں اسکول منتظمہ کے شامل ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس اطلاع کے بعد پولیس ٹیم نے اسکول پہنچ کر جانچ کی کاروائی شروع کردی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ثبوتوں کو اکٹھا کرنے کے لیے ایف ایس ایل کی ٹیم پٹنہ سے بلائی گئی تھی۔ ساتھ ہی اس پورے معاملہ کی تحقیقات میں ڈاگ اسکاٹ ٹیم کے علاوہ پولیس کی ماہر ٹیم کو لگایا گیا تھا۔ اس میں فنگر پرنٹس بھی میچ کروائے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ایس ایل کی جانچ رپورٹ، میڈیکل جانچ رپورٹ، تکنیکی جانچ اور دیگر ذرائع سے کرائی گئی جانچ و شواہد کی بنیاد پر ایک شخص کا اس میں ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اس کی پہچان اسکول کے ڈائریکٹر کے بیٹا ہرش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ اس معاملہ میں مزید تحقیقات جاری ہے کیونکہ اس میں اور بھی کچھ لوگوں کے ملوث ہونے کی باتیں سامنے آسکتی ہیں۔ فی الحال ہرش کمار کو گرفتار کر جیل بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واضح ہوا ہے کہ ہرش کمار بچوں کی پٹائی بے رحمی سے کیا کرتا تھا۔ خاص طور سے متوفی بچے کی پٹائی وہ اکثر و بیشتر کیا کرتا تھا۔ اس دن بھی اس کی پٹائی بےرحمی سے کیا اور اس نے بچے کا قتل کر دیا۔ ثبوت چھپانے کے لیے بچے کو ریلوے ٹریک پر لے جا کر پھر پھینک دیا گیا
یہ بھی پڑھیں:نجی اسکول کی پرنسپل نے چار سالہ آیوش کو گٹر میں پھینک دیا، بچے کی لاش ملنے پر گرفتاریاں - MURDER IN PATNAS SCHOOL
ایف ایس ایل کی ٹیم اس حوالے سے بھی جانچ کر رہی ہے۔ جلد ہی اس کی رپورٹ بھی آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی پولیس نے اسکول کے خلاف کاروائی کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے سفارش کی ہے کیونکہ اسکول کی جانچ میں بھی پایا گیا کہ جو پیمانہ اسکول چلانے کے لیے ہوتے ہیں وہ اسکول اس پیمانے پر کھرا نہیں اتر رہا ہے۔واضح ہوکہ گیا ضلع کے وزیرگنج تھانہ حلقہ میں یہ واقعہ پیش آیا تھا، گھروالوں نے قتل کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور آج پولیس نے بھی اس کا انکشاف کیا ہے۔