لکھنؤ: اتر پردیش میں وزیراعظم عوامی ترقیاتی پروگرام کے تحت مالی سال 2023-24 میں جنوری 2024 تک 335 پروجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں۔ محکمہ نے اسکیم کے تحت اوسطاً روزانہ ایک پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے ہدف سے زیادہ کامیابی حاصل کی ہے۔ مالی سال 2022-23 میں 204 منصوبے مکمل ہوئے۔ اس طرح مالی سال 2022-23 اور 2023-24 کے لیے کل 539 منصوبوں کو پورا کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع اتر پردیش وزیر برائے اقلیتی بہبود، وقف اور حج دھرم پال سنگھ نے دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اکثریتی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ عوام ان سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Haj 2023 یوپی عازمین حج کو وہ سہولتیں بھی ملیں گی جسے مرکزی حج کمیٹی نے ختم کردیا
اقلیتی بہبود کے وزیر نے کہا کہ اس سال تعلیم کے شعبہ میں 134، صحت کے شعبہ میں 27 اور پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے شعبہ میں 118 پروجیکٹوں کو مکمل کیا گیا ہے۔ اقلیتی اکثریتی علاقوں میں تعلیمی ادارے قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ پچھلے ڈیڑھ سال میں 40 گورنمنٹ انٹر کالج، 12 گورنمنٹ پولی ٹیکنک، 09 آئی ٹی آئی، 06 ہائی اسکول، 02 کستوربا گاندھی ودیالیہ اور 40 پرائمری/اپر پرائمری اسکول مکمل ہوچکے ہیں۔ اسی طرح صحت کی سہولیات وضع کرنے کے مقصد سے 13 کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، 14 پرائمری ہیلتھ سینٹر، 03 ہیلتھ سب سینٹر اور 07 آیوش اسپتالوں کو مکمل کرکے فعال بنایا گیا ہے۔
سنگھ نے کہا کہ اتر پردیش کا محکمہ اقلیتی بہبود، اقلیتی برادری میں تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کے خلا کو دور کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ پروگرام کے تحت اب تعلیم، صحت اور پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زیادہ زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوشش ہے کہ پروجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کر کے انہیں فعال بنایا جائے تاکہ عام لوگ اس کے فائدے حاصل کر سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم عوامی ترقیاتی پروگرام، حکومت ہند کی طرف سے چلائی جانے والی ایک مرکزی فنڈ سے چلنے والا پروگرام ہے، جسے 11ویں پانچ سالہ منصوبہ سال 2007-12 کے تحت ملٹی سیکٹورل ڈیولپمنٹ پروگرام کے نام سے ریاستی سطح پر 21؍ ایسے اضلاع میں نافذ کیا گیا ہے۔ جن اضلاع میں اقلیتی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔ اس اسکیم کو سال 2022-23 سے ریاست کے تمام اضلاع میں نافذ کیا گیا ہے۔