بیدر:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح کرناٹک میں بھی لوک سبھا انتخابات کے مدنظر تمام سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم زور شور سے جاری ہے ۔اسی درمیان مقامی سماجی ادارہ مسلم ہیومن رائٹس اسوسی ایشن کے صدر سید وحید لکھن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو بیدر پارلیمان حلقے کے لیے مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیناچاہئے تھا۔بیدر میں کئی مقبول مسلم رہنما ہیں جو بی جے پی کو شکست دے سکتے ہیں لیکن کانگریس نے تمام رہنماوں کو نظر انداز کر دیا۔
انہو نے کہاکہ مسلمانوں کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے کانگرس پارٹی نے لنگایت طبقے سے تعلق رکھنے والے شخص کو امیدوار بنایا ہے۔وہ غیر معروف ہیں۔عوام میں ان کی پکڑ کمزور ہے۔اس کے سبب اقلیتی قائدین میں بڑی ناراضگی پائی جارہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلور سینٹرل حلقے سے منصور علی خان کی جیت یقینی ہے، مسلم لیجسلیچرز - Mansoor Ali Khan
سماجی کارکن نے کہا کہ بہت جلد اقلیتی برادریوں کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں آگے کے اقدامات کے لیے ٹھوس قدم اٹھایا جائے گا۔اس سلسلے میں عیسائی،دلت،مراٹھی سمیت دیگر لوگوں بات چیت ہو رہی ہے۔اس سلسلے میں ہم میٹنگ کریں گے اور اپنے ارادے سے کانگریس پارٹی کو واقف کرائیں گے۔کرناٹک میں کانگریس کی موجودہ حکومت کو مسلمانوں نے کھل کر حمایت کی تھی۔