علیگڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی تاریخی جامع مسجد میں نماز عید الفطر کا خطبہ دیتے ہوئے ناظم شیعہ دینیات، صدر شعبہ شیعہ دینیات پروفیسر سید محمد اصغر نے کہا عید الفطر کے دن روزوں کا سلسلہ ختم ہوتا ہے اور اس یوم کو اللہ نے اپنے بندوں کو روزہ اور عبادت رمضان کا انعام قرار ہے۔ عیدالفطر اہل اسلام کا ایک اہم تہوار ہے، ماہ صیام کی تکمیل پر اللہ سے انعامات پانے کا دن یوم الجائزہ ہے، یہی وجہ ہے کہ امّت مسلمہ کے لیے یہ دن ایک خاص مقام و اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
مرادآباد: عید الفطر کی نماز دو مرحلوں میں ادا کی جائے گی - Eid ul Fitr in Moradabad
انہوں نے کہا کہ مومن چونکہ اپنی فطرت، عقائد و نظریات، ملی اقدار کے لحاظ سے دنیا کی تمام اقوام سے منفرد و ممتاز ہے۔ اسی لیے اس کا عید منانے کا انداز بھی سب سے نرالا و منفرد ہے، یہی وجہ ہے کہ اسلام میں روح کی لطافت، قلب کے تزکیہ، بدن و لباس کی طہارت اور مجموعی شخصیت کی نفاست کے ساتھ انتہائی عجز و انکسار اور خشوع و خضوع کے ساتھ سبھی مسلمان اسلامی اتحاد و اخوت کے جذبے سے سرشار ہوکر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں سجدۂ بندگی اور نذرانہء شکر بجالا نے کا نام عید ہے۔ اے ایم یو صدر شعبہ شیعہ ڈاکٹر سید محمد اصغر نے بتایا کہ آج صبح تقریبا 8:35 پر عید الفطر کی نماز ادا کی گئی تھی جس میں تقریباً 500 لوگوں نے شرکت کی اور اب کل شیعہ حضرات عید الفطر کی نماز ادا نہیں کریں گے کیونکہ آج ادا کرلی گئی ہے۔
اے ایم یو شعبہ شیعہ دینیات کے اسسٹنٹ پروفیسر نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو بتایا کہ ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں گزشتہ روز چاند نظر آ گیا تھا۔ اسی لیے شیعہ حضرات نے آج اے ایم یو کی تاریخی جامع مسجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی تھی۔ واضح رہے کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخی جامع مسجد میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر پہلے سنی نماز ادا کرتے ہیں۔ اس کے چند منٹوں کے بعد شیعہ نماز ادا کرتے ہیں لیکن اس بار شیعہ حضرات نے ایک دن قبل ہی عید الفطر کی نماز ادا کرلی۔