آسنسول: مغربی بنگال میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس تاریخی جیت کی جانب گامزن ہے۔ بنگال کے عوام نے ایک بار پھر ٹی ایم سی کی سربراہ ممتابنرجی کی کھل کر حمایت کی ہے۔ آسنسول پارلیمانی حلقہ سے مشہور اداکار اور ترنمول کانگریس کے امیدوار شترو گھن نے بی جے پی کے امیدوار ایس ایس واہلوالیہ کو شکست دے دی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ترنمول کانگریس کے امیدوار شترو گھن سنہا کو 605645 ووٹز ملے ہیں۔ بی جے پی کے امیدوارسریندر جیت سنگھ اہلووالیہ (546081) ووٹوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہے۔ اس کے علاوہ سی پی آئی کے امیدوار جہاں آرا خان کو 105423 ووٹ ملے اور وہ تیسری پوزیشن پر رہیں۔آسنسول میں ترنمول کانگریس کی جیت کے بعد ٹی ایم سی کے حامیوں نے کاونٹنگ مرکز کے باہر جشن منانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
دوسری طرف جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر پارلیمانی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے امیدوار ابھیشیک بنرجی کو 1042793 ووٹ ملے ہیں اور انہیں بی جے پی کے امیدوار پر 707360 کی برتری حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:رجحانات میں بی جے پی کو واضح اکثریت، ایودھیا سے بی جے پی امیدوار للو سنگھ پیچھے
اس مرتبہ مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس 29 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ بی جے پی کو زبردست خسارہ کا سامنا ہے۔اس وقت بی جے پی 12 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔کانگریس ایک سیٹ پر آگے ہے جبکہ سی پی آئی ایم کا لوک سبھا انتخابات میں کھاتہ کھولنا باقی ہے۔