مظفر نگر:ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفرنگر میں تعلیم و تربیت کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت معروف ملی شخصیت قاری محمد خالد بشیر قاسمی بانٸ لاٸبریری نے کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ تعلیمی سال 1445 ۔ 2024 کا آغاز ہوچکا ہے۔ علمی اداروں کے دروازے تشنگان علم کے لیے کھلے ہوئے ہیں جدید داخلے کیے جا رہے ہیں۔
اس موقعے پر معاشرے میں تعلیمی بیداری مہم شروع کی گئی ہے جو وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے تاکہ بچوں کے سرپرستوں کو حصول علم کی ضرورت سے آگاہ کیا جائے۔ مدرسہ چلو و اسکول چلو مہم اس لیے شروع کی گئی ہے کہ دینی و عصری دونوں تعلیم نونہالان قوم کو حاصل ہو سکے۔ ہماری تحریک کا نعرہ ہے کہ پڑھنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر ایک انسان کے لیے ضروری ہے چاہے وہ بڑا ہو یاچھوٹا مرد ہو یا عورت۔ علم حیات انسانی کی بنیادی ضرورت اور تکمیل وجود انسانی کا لازمی عنصر و کامیابی و سربلند کی ضمانت ہے۔ شہر کے تعلیمی اداروں کے حالیہ دورے کی بھی تفصیل بیان کی۔ پروگرام کی نظامت سینٸر ایڈوکیٹ محبوب عالم انصاری نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفر نگر میں تحریک فلاح انسانیت کی جانب سے ووٹرز بیداری مہم
اس موقعے پر بزرگ استاد ماسٹر اختر خان قاری نذر، محمد امام مسجد مجیبہ، پرویز رسول قریشی، مولانا شاہ ویز ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ پروگرام کے اختتام پر تعلیمی بیداری مارچ جامع مسجد حوضوالی سے شروع ہوکر مناکشی چوک شہید چوک ہوتے ہوۓ فکر شاہ چوک پر پہنچا۔ اس درمیان عام لوگوں سے علم حاصل کرنے کی خاص طور پر اپنے بچوں کو ہر حال میں پڑھانے کی اور اعلی تعلیم دلانے کی اپیل کی گٸی۔