بیدر: ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں واقع روٹری کلب آف بیدر نیو سنچری کی جانب سے منعقدہ خصوصی پروگرام میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامہ و کامیابی حاصل کرنے والی 50 خواتین کو میسور پگڑی، شال، سرٹیفکیٹ اور میمنٹو سے نوازا گیا۔ اس موقعے پر اعزاز یافتہ خواتین نے روٹری کلب آف بیدر کا شکریہ ادا کیا۔
روٹری کلب آف بیدر نیو سنچری کے صدر ڈاکٹر کپل پاٹل نے کہا کہ میڈیسن، سماجی خدمت، کھیل، موسیقی، بینکنگ، ڈاک، یوگا، زراعت، شہری مزدور، این سی سی، بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈ، ٹرانسپورٹ، جیل خانہ، محکمہ پولیس سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامہ انجام دینے والی تقریبا 50 خواتین کو خصوصی ایوارڈز اور شال سے نوازا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ایسا کوئی شعبہ نہیں ہے جس میں خواتین اپنی نمایاں خدمات انجام نہیں دے رہی ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے میں خواتین نے مردوں کے برابر قدم سے قدم ملاتے ہوئے سماج میں اپنا مقام و مرتبہ پیدا کیا ہے ۔ڈاکٹر انکیت پاٹیل نے اس اجلاس کی صدارت کی۔
یہ بھی پڑھیں: 'خواتین مضبوط ہوں گی تبھی معاشرہ ترقی کرے گا'
اس موقعے پر منجولا ایس، پرتیما گووند ریڈی، راجیشوری، سمیتا ایس، کوآپریٹیو سوسائٹیز کے ڈپٹی رجسٹرار، کلب سکریٹری شیوکمار، خزانچی جیش پٹیل، سوریہ کانت، رام شیٹی، ڈاکٹر رتیش ، ڈاکٹر نتیش برادارا و دیگر موجود تھے۔