متھرا: بی جے پی ایم ایل اے راجیش چودھری کے بھائی اور رشتہ داروں پر مہولی روڈ پر واقع ڈی ایس اسپتال میں ڈاکٹر اور اسٹاف نرس پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔ اس واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق 20 اکتوبر کو صبح 8 بجے بی جے پی ایم ایل اے کے رشتہ داروں نے مبینہ طور پر ڈاکٹر اور نرس کو بری طرح پیٹا۔ متاثرہ فریق نے ملزمان کے خلاف ہائی وے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ متھرا پولس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
بی جے پی ایم ایل اے کی والدہ کو ہفتہ کی شام شہر کے مہولی روڈ پر واقع ڈی ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے علاج کیا اور رات میں ہی مریض کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ اتوار کی صبح بی جے پی ایم ایل اے راجیش چودھری کے بھائی سنجے چودھری، جتیندر چودھری، بھتیجے دیو چودھری اور جسونت نے ہسپتال میں ڈاکٹر اور سٹاف نرس کے ساتھ مارپیٹ کی۔ اس کے بعد تمام ملزمان وہاں سے چلے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کے قتل کی سازش رچ رہا شوٹر سوکھا پانی پت سے گرفتار، ممبئی پولیس کی کارروائی
زخمی ڈاکٹر نے ہائی وے پولیس اسٹیشن میں معاملے کی شکایت درج کرائی۔ انہوں نے پولیس حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ راجیش چودھری منت اسمبلی سے موجودہ ایم ایل اے ہیں۔ اس معاملے پر جب ایم ایل اے سے بات کی گئی تو انہوں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔ ایس پی سٹی اروند کمار نے کہا کہ ڈی ایس اسپتال میں ڈاکٹر پر حملہ کا معاملہ ان کے نوٹس میں آیا ہے۔ ڈاکٹروں کی شکایت کی بنیاد پر معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے کے بھائیوں پر حملہ اور بدسلوکی کا الزام ہے۔