میرٹھ: اترپردیش میں ضلع میرٹھ کے کینٹ اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی پٹری سے اتر گئی۔ حادثہ میں انجن سمیت دو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ حادثہ کے بعد مقامی افراد میں خوف دیکھا گیا وہیں ریلوے محکمہ چوکس ہوگیا۔ اسٹیشن پر تعینات عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔ مقامی حکام نے مال گاڑی کے پٹری سے اترنے کے حادثہ سے معلق اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ اس حادثے کی وجہ سے دیگر ٹرینوں کا آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم حکام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حادثہ کی وجہ سے ٹریک متاثر نہ ہو۔ سسٹم کو جلد از جلد پٹری پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیا۔ ریل حادثہ کینٹ سے سٹی اسٹیشن جاتے ہوئے پیش آیا۔ اس وقت اسٹیشن پر موجود ریلوے ملازمین موقع پر موجود ہیں۔ اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ آر پی سنگھ کا کہنا ہے کہ فی الحال سینئر حکام کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ ہماری طرف سے عملہ تعینات کر کے انتظامات کیے جارہے ہیں تاکہ بقیہ ٹریکس پر کسی بھی طرح کی نقل و حرکت میں خلل نہ پڑے۔ مال گاڑی کے پٹری سے اترنے کی وجہ کے بارے میں ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ یہ تحقیقات کا معاملہ ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ اس سے پہلے سہارنپور میں ایک مال گاڑی بھی پٹری سے اتر گئی تھی۔ یہاں اناج سے لدی ٹرین پٹری سے اترگئی تھی۔ مال گاڑی گروہرسہائے سے بامہری کی طرف جارہی تھی۔ اس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔