علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے پروفیسر محمد مبین کو اسکالر جی پی ایس نے اعلیٰ ترین رینک یافتہ اسکالر قرار دیا ہے۔ اعلیٰ ترین رینک یافتہ اسکالرز کثیر التصانیف محققین میں سے ہوتے ہیں۔ جن کی تحقیق حوالہ جات کے پہلو سے بہت مؤثر اور اعلیٰ معیار (ایچ انڈیکس) کی حامل ہے۔ اپنی اعلیٰ علمی خدمات کے باعث وہ دنیا بھر کے تمام اسکالرز میں سب سے ٹاپ کے 0.05 فیصد میں شامل ہوتے ہیں۔ دنیا بھر کے 0.05 فیصد ٹاپ اسکالرز میں ڈاکٹر مبین کی شمولیت، کوروزن اور مٹیریئل سائنس کے میدان میں ان کی غیر معمولی تحقیقی خدمات کا اعتراف ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اے ایم یو میں نئے ڈی ایس ڈبلیو کی تقرری
ڈاکٹر مبین کے شاندار اشاعتی ریکارڈ اور ان کی اعلیٰ تحقیق نے انہیں یہ ممتاز شناخت عطا کی۔ انھیں گزشتہ پانچ برسوں میں کاربن اسٹیل کے میدان میں عالمی سطح پر چوتھی اور کوروزن کے شعبہ میں پچیسویں رینک حاصل ہوئی ہے، جو تحقیق و اختراع کو آگے بڑھانے میں ان کی محنت و لگن کی عکاس ہے۔ ڈاکٹر محمد مبین کی یہ حصولیابی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے اعزاز کی بات ہے، جو علوم کی تحقیق میں اعلیٰ کارکردگی کے تئیں یونیورسٹی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسکالر جی پی ایس، کیلیفورنیا میں قائم ایک کمپنی ہے جو دنیا بھر کے 30 ملین سے زائد اسکالرز اور 55 ہزار اداروں کی درجہ بندی کے لیے مصنوعی ذہانت، ڈاٹا مائننگ، مشین لرننگ، اور ڈاٹا سائنس کی دیگر تکنیکوں کا اطلاق 200 ملین سے زیادہ اشاعتوں اور 3 بلین حوالوں کے بڑے ڈاٹا بیس پر کرتی ہے۔