گیا: بہار پولیس کی جانب سے ایک خصوصی پہل کی گئی ہے۔ اس پہل کے تحت سڑک حادثات کو روکنے کی جانب پیش قدمی ہے۔ پولیس افسران ایک خاص موبائل ایپ میں سڑک حادثات کی جگہ کا ڈیٹا اپلوڈ کریں گے۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ضلع کے جو سب سے زیادہ سڑک حادثہ پیش آنے والے اسپاٹ ہیں وہاں تعداد کی صحیح معلومات پولیس کو ہوگی اور اس کے بعد اس بلیک اسپاٹ کی جگہ پر پولیس اور محکمۂ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ تاکہ ان مقامات پر سڑک حادثہ کو روکا جا سکے۔ اس کے لیے سبھی تھانوں کے تھانہ انچارج اور افسران کو پولیس ہیڈ کوارٹر پٹنہ سے موبائل فون بھی ملے ہیں۔ اس فونز میں اس خاص ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے گیا ضلع کے سینیئر ایس پی آشیش بھارتی نے بتایا کہ پولیس ہیڈ کوارٹر پٹنہ کی ہدایت اور احکامات کے مطابق گیا کے تمام تھانوں کے افسران کے درمیان آج موبائل فون تقسیم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
گیا: الجامعۃ الاسلامیہ للبنات سے پانچ طالبات نے حفظ قرآن مکمل کیا
عازمین حج کو ملے گی نئی حج ایپ شامل ہوں گے نئے فیچرز
پولیس افسران کو فراہم کردہ موبائل میں ' انٹیگریٹڈ روڈ ایکسیڈنٹ ڈیٹا بیس' نامی ایک ایپلیکیشن انسٹال کی جائے گی۔ مذکورہ ایپلی کیشن میں سڑک حادثات سے متعلق ہر قسم کا ڈیٹا اپ لوڈ کیا جائے گا، جس کے ذریعہ یہ معلوم ہو سکے گا کہ کن جگہوں پر زیادہ سڑک حادثات ہوتے ہیں۔ جس کے بعد مذکورہ مقامات کی نشاندہی کرکے سڑک حادثات کو کم کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی جائے گی۔ اس سے متعلق تمام تھانوں کے افسران اور پولیس اہلکاروں کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اس سے سڑک حادثات میں کمی آئے گی کیونکہ وہاں پر ٹریفک کے خاص انتظامات ہوں گے اور اس جگہ کی بلیک اسپاٹ کے طور پر پہچان رکھی جائے گی، وہاں پر سڑک اور ٹریفک کے تعلق سے نشانات بھی آویزاں کیے جائیں گے۔ وہیں انہوں نے بتایا کہ پٹنہ ہیڈ کوارٹر کی ہدایت پر اس پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔ جس سے آنے والے چند ماہ میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
واضح ہو کہ ضلع گیا میں ہر سال اوسطاً 500سے زائد سڑک حادثہ میں موتیں ہوتی ہیں۔ جب کہ زخمیوں کی تعداد اس سے زیادہ ہوتی ہیں۔ اس سے پہلے بلیک اسپاٹ کے طور پر ضلع کے قریب 21 مقامات نشان زد کیے گئے تھے۔ جہاں پر آئے دن سڑک حادثات پیش آتے تھے۔ تاہم ان میں کچھ بلیک اسپاٹ جہاں زیادہ حادثہ پیش آتے تھے وہاں پر خصوصی انتظامات کی وجہ سے سڑک حادثہ میں کمی آئی ہے۔ جس میں ایک نیشنل ہائی وے ٹو پر واقع بھدیہ موڑ بھی ہے۔ لیکن اب یہاں ایک اوور بریج کی تعمیر ہورہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اوور بریج کی تعمیراتی کام ہونے کی وجہ سے یہاں پر گاڑیوں کی رفتار انتہائی دھیمی ہوتی ہے جس کی وجہ سے سڑک حادثہ کم ہوا ہے۔ جب کہ مانا یہ بھی جارہا ہے کہ اوور بریج بننے کے بعد سڑک حادثہ کا خطرہ بہت کم ہو جائے گا۔ سڑک تحفظ پر کام کرنے والی تنظیم يووا پریاس کے سکریٹری شمیم عالم نے کہا کہ پولیس کی اس پہل پر اگر مثبت اور ذمہ داری کے ساتھ کام ہوئے تو اس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔