کولکاتا: لوک سبھا انتخابات 2024 کے مدنظر ملک کی تمام ریاستوں میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ بی جے پی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے جلسہ و جلوس کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی ان دنوں مغربی بنگال کے دورے پر ہیں۔ رواں ماہ وزیراعظم مغربی بنگال کے مزید دورے کریں گے۔
اسی درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی شام بیمار چل رہے رام کرشن مٹھ اور رام کرشن مشن کے صدر سوامی سمرانانند کی عیادت کے لیے کولکاتا کے شیشو منگل ہسپتال پہنچے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی آج شام اوڈیشہ سے اپنی آمد کے فوراً بعد 95 سالہ مہاراج کو دیکھنے کے لیے رام کرشنا مشن سیوا پرتشتھان گئے۔ سمرانند مہاراج کافی عمر رسیدہ ہیں اور ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسپتال میں داخل ہیں۔
وزیراعظم مودی نے اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیا، ’’کولکاتا پہنچنے پر اسپتال گیا اور رام کرشن مٹھ اور رام کرشن مشن کے صدر شریمت سوامی سمرانانند مہاراج کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ہم سب ان کی اچھی صحت اور جلد صحت یابی کے لیے پرارتھنا کر رہے ہیں۔''
یہ بھی پڑھیں: پی ایم مودی نے ملک کی پہلی انڈر واٹر میٹرو سروس کا افتتاح کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے شمالی 24 پرگنہ کے باراسات میں ناری شکتی سمان جلسے کو خطاب کیا۔ اس جلسے میں صرف کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی جس میں سندیش کھالی کی خواتین بھی شامل تھیں۔