چنئی: وزیر اعظم نریندر مودی کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا افتتاح کرنے اور مختلف پروجیکٹوں کا آغاز کرنے تمل ناڈو کے تین روزہ دورے پر جمعہ کو یہاں پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم مودی تریچی، رامیشورم اور دھنوشکوڈی میں مختلف مندروں کا دورہ کریں گے اور پوجا کریں گے۔ کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو سے یہاں پہنچنے پر، مودی کاچنئی کے ہوائی اڈے پر تمل ناڈو کے گورنر آر این روی، وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، ان کے کابینہ کے ساتھیوں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنماؤں، اعلیٰ حکومتی اور پولیس حکام نے ان سے ملاقات کی۔ یہاں مسٹر مودی کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔
وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر پولیس نے چنئی اور ریاست کے دیگر اضلاع میں سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ ڈیوٹی پر 22000 پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ پانچ درجاتی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: مودی نے بوئنگ کے دو تاریخی اقدامات کو ملک کے نام وقف کیا
بی جے پی لیڈروں اور اتحادی پارٹی کے لیڈروں کے استقبال کے بعد مسٹر مودی ہیلی کاپٹر پر سوار ہوئے اور آئی این ایس اڈیار پہنچے، جہاں سے وہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا افتتاح کرنے سڑک کے راستے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم پہنچے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈی ڈی پودھیگائی چینل کا بھی آغاز کیا ۔ پہلے یہ چینل ڈی ڈی تمل کے نام سے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے سنگ بنیاد بھی رکھا اور ملک میں نشریاتی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے 250 کروڑ روپے کے منصوبوں کا آغاز کیا۔
یو این آئی