گیا: بجٹ پر بہار میں ملا جلا رد عمل سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں۔ بہار میں حزب اختلاف کے رہنماؤں نے بجٹ میں بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دیے جانے پر مرکزی اور ریاستی حکومت اور بجٹ کی تنقید کی ہے۔ جبکہ عام اور خاص لوگوں نے بجٹ پر ملا جلا ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ حالانکہ اس بجٹ میں گیا ضلع کے لئے پہلے سے توقع کی جارہی تھی کہ بجٹ میں گیا ضلع بھی خاص ہوگا۔ کیونکہ مرکزی وزیر و گیا رکن پارلیمان جیتن رام مانجھی نے بجٹ سے دو دنوں پہلے ہی گیا میں کہا تھا کہ اس بار گیا کے لئے خاص ہوگا۔
ہندوستانی عوام مورچہ سیکولر کے رہنماء ڈاکٹر صبغت اللہ خان نے بجٹ پر کہا کہ وزیر مالیات نے اعلان کیا ہے کہ ضلع گیا میں صنعتی ترقی کو فروغ دیا جائے گا، اس سے مشرقی خطے کی ترقی کو تقویت ملے گی۔ مرکزی حکومت سڑکوں کے رابطے کے لیے منصوبوں کی ترقی میں بھی تعاون کرےگی۔ پٹنہ-پورنیہ ایکسپریس وے، بکسر- بھاگلپور ہائی وے، بودھ گیا۔ ویشالی ہائی ایکسپریس وے ، بکسر میں گنگا پر ایک اضافی دو لین پل تعمیر کیا جائے گا جوکہ ایک بڑا فیصلہ ہے۔
آفاق احمد خان ایم ایل سی جے ڈی یو نے کہا کہ مرکزی حکومت سے خصوصی ریاست کے درجے کی مانگ جاری رہے گی۔ ابھی خصوصی ریاست کا درجہ کا بھلے ہی اعلان نہیں ہوا لیکن مرکز کے بجٹ میں بہار کے لیے اپنا پٹارہ کھول دیا گیا ہے، وزیر مالیات کے اعلان کے مطابق بہار کو قریب 58.9 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا پیکج ملا ہے ۔اس میں ایکسپریس وے سے لے کر میڈیکل کالج، ٹورزم ،کوریڈور ایئرپورٹ سے لے کر آبپاشی کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے ذریعے مرکزی بجٹ میں بہار کو تین ایکسپریس وے دینے کا اعلان کیا گیا ہے، 26 ہزار کروڑ روپے سے بہار میں ایکسپریس وے بنے گا اور اس میں گیا راجگیر ويشالی ایکسپریس وے بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی وشنو پد کوریڈور اور بودھ گیا کوریڈور کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ گیا کے لیے یہ اچھا بجٹ ہے اور اہل گیا کو اس سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ گیا ضلع کو صنعتی ترقی میں شامل کیا گیا ہے۔
جبکہ مرکزی بجٹ کو کانگریس کے رہنما عمیر احمد خان نے دھو کہ قرار دیا اور کہا کہ کچھ تو کانگریس کے منشور سے لیے گئے ہیں۔ جس پر ہمیں خوشی تو ہے۔ لیکن اس میں کٹوتی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی اُنہوں نے کہا کہ بہار کے لوگوں کو خصوصی درجہ دینے کے پرانے مطالبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ایک اور جھنجھنا کی طرح 26,000 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے بھی اسپیشل پیکج بہار کو دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن وہ آج تک ملا نہیں۔ بہار کے لوگ خود کو ٹھگا ہوا محسوس کررہے ہیں۔
وارڈ کاونسلر نیئر احمد نے کہا کہ گیا کے لوگوں کی پرانی مانگ وشنوپد اور مہابودھی مندر کوریڈور، صنعتی ترقی کے لیے 21,400 کروڑ روپے اور گیا-دربھنگہ ایکسپریس وے اور بودھ گیا-ویشالی ایکسپریس وے کے لیے گیا کے لوگ خوش ہیں۔ دوسری طرف گیا کو ملک کے اسمارٹ شہروں کی فہرست میں شامل نہ کرنا، گیا سے ممبئی، بنگلور اور حیدرآباد کے لیے براہ راست ٹرینیں نہ چلانا، مشہور پترپکش میلے کو قومی میلہ قرار نہ دینا، انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج کی ترقی کا اعلان نہیں کرنے سے لوگ مایوس بھی ہیں اور یہ امید تھی کہ گیا کو کچھ اور بڑا ملے گا کیونکہ وزیر اعظم نے انتخابی مہم کے دوران گیا پر خصوصی توجہ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ایسا ہوا نہیں۔ وہیں بجٹ پر لوگوں کے تاثرات ملے جلے ہیں اور لوگوں نے اسے متوسط بجٹ قراردیا ہے۔