یادگیر: یادگیر شہر اور اس کے اطراف دیہاتوں میں ان دنوں مچھروں کی بہتات کے سبب لوگ کافی پریشان ہیں. شام ہوتے ہی مچھروں کا آبادیوں کی طرف رخ کرنے کی وجہ سے عوام کو نیند نہ ہونے کی شکایتیں عام ہوتی جا رہی ہیں۔ آل آؤٹ، گڈ نائٹ، مچھردانی اور مچھر مارنے والا الیکٹرک بیٹ استعمال کرنے کے باوجود مچھروں کی تعداد میں کمی نظر نہیں آرہی ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں لوگوں کو مچھر مارنے کے لیے بھی ماہانہ کئی سو روپے خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کی عوامی تنظیم کولی سماج کے ریاستی سیکرٹری و صدر ضلع یادگیر امیش نے ان مچھروں سے پریشان حال لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کو سنا۔
یہ بھی پڑھیں:
UP Police Help A Man In Hospital بیوی اور بیٹی کو مچھروں سے بچانے کے لیے پولیس سے مدد طلب
اس موقع پر عوام نے بتایا کہ مچھروں کی کثرت کی وجہ سے مچھر مارنے والی مختلف دوائیں ہم استعمال کر رہے ہیں۔ لیکن اس کے استعمال سے کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے۔ اس لیے ہم محکمۂ بلدیہ اور ضلع انتظامیہ کی توجہ اپنی جانب کرانے کے لیے اس طرح کا احتجاج کر رہے ہیں۔ امیش نے محکمۂ بلدیہ اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں نالیوں کی مکمل صفائی نہ ہونے کے سبب مچھروں کو پنپنے میں مدد ملی اور اس میں اضافہ ہوا ہے۔ جب کہ مچھروں پر قابو پانے کے لیے محکمۂ بلدیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔
امیش نے محکمۂ بلدیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور اس کے اطراف کے دیہاتوں میں نالیوں کی مکمل صفائی کی جائے۔ دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ لوگوں کو چند گھنٹے سکون سے سونے کی سہولت میسر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں کی کثرت کے سبب مختلف بیماریاں بھی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ اس لیے محکمۂ بلدیہ اور ضلع انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عام لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔