نئی دہلی:قومی دارالحکومت دہلی کے فصیل بند شہر میں بارہویں جماعت میں افلحہ ناز نے 96.4 فیصد نمبر حاصل کرکے اول مقام حاصل کیا ہے۔دراصل افلحہ ناز حکیم عبد الحمید کے ذریعہ تعمیر کیے گئے رابعہ گرلز پبلک اسکول کی طالب علم ہیں۔ انہوں نے کامرس اسٹریم سے 12 ویں جماعت میں سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے ذریعہ امتحان دیئے تھے۔ اس میں انہوں نے اسکول کے ساتھ ساتھ پرانی دہلی کے تمام اسکولوں میں بھی اول مقام حاصل کیا ہے۔
افلحہ ناز کی اس کامیابی کے بعد ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے ان سے خصوصی گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اپنا مستقبل تلاشنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق سبھی لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنی چاہیے وہ کہتی ہیں کہ لڑکیوں کو تعلیم درمیان میں نہیں چھوڑنا چاہئے۔
افلحہ ناز اپنی اس کامیابی کے بعد سے کافی خوش ہیں۔ ان کے مطابق 13 مئی کی تاریخ ان کی زندگی میں ایک یادگار لمحہ کے طور پر ہمیشہ ان کے دل میں رہے گی۔ افلحہ نے بتایا کہ جب سے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے تبھی سے انہیں اور ان کے والدین کو مبارکبادیں مل رہی ہیں۔
اپنی اس کامیابی کے لیے افلحہ ناز رابعہ اسکول کے اساتذہ کا اہم کردار مانتی ہیں۔ ان کے مطابق بچوں کی کامیابی میں ان کے اساتذہ کا اہم کردار رہتا ہے اور رابعہ اسکول میں جس انداز میں طلباء کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ وہ دیگر اسکولوں سے کافی مختلف ہے اور وہیں اس اسکول کے طالبات کی کامیابی کا راز ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سی بی ایس ای 10ویں اور 12ویں کلاس کے امتحان کے نتائج جاری، 87.98 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے - CBSE Results 2024
افلحہ ناز نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں امید تو تھی کہیں نہ کہیں کہ وہ بہتر نتائج حاصل کریں گی لیکن انہیں اسکول میں اور پرانی دہلی کے تمام اسکولوں میں اول مقام ملے گا اس کے بارے میں نہیں سوچا تھا اسی لیے ان کی یہ کامیابی خاص ہوجاتی ہے۔