میسورو: کرناٹک کے ضلع مانڈیا میں ہنومان کا جھنڈا اتارنے کے تعلق سے شروع ہوا تنازع ابھی تھما بھی نہیں تھا کہ میسور کے امبیڈکر پارک میں ٹیپو سلطان کا جھنڈا لہرانے کا ایک نیا تنازعہ سامنے آیا ہے۔ میسور- کوڈاگو کے رکن پارلیمنٹ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر پرتاپ سمہا نے بدھ کے روز امبیڈکر پارک میں ٹیپو سلطان کا جھنڈا لہرائے جانے پر سخت اعتراض ظاہر کیا اور اس کی اجازت کے تعلق سے وزیر اعلیٰ سدارمیا اور وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور سے سوالات پوچھے۔
پرتاپ سمہا نے ایک پوسٹ میں کہا کہ سدارمیا اور پرمیشور کس نے میسور کے کیلاش پورم میں موٹے کیری شرینواس مندر روڈ پر امبیڈکر پارک میں ٹیپو کا جھنڈ لہرانے کی اجازت دی ہے؟ براہ کرم سدا رمیا اور پرمیشور جواب دیں۔ واضح رہے کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے ضلع مانڈیا کے کیراگوڈو گاؤں میں ایک جھنڈے کے کھمبے سے ہنومان کے جھنڈے کو ہٹانے کے بعد تازہ تنازعہ سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹیپو سلطان کے مجسمے کے ساتھ بے حرمتی، علاقے میں کشیدگی
اس دوران بی جے پی اور جے ڈی ایس کے کارکنوں نے ریاستی کانگریس حکومت پر ہندو مخالف ہونے اور ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔ انہوں نے ہنومان کے جھنڈے کو دوبارہ لہرانے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ریاست کرناٹک میں ٹیپو سلطان کو لیکر اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ تنازع پیدا ہوچکا ہے۔
یو این آئی