ممبئی: حال ہی میں ممبئی کے گرانٹ روڈ علاقے میں ایک بلڈنگ کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا جس کی وجہ سے بڑا نقصان ہو گیا۔ ہر برس بارش کے دونوں میں ہمیں ایسے حادثے سنائی دیتے ہیں عمارتیں کمزور ہو جاتی ہیں اُن کی مرمت نہیں ہو پاتی اور حادثے کے سبب مکین موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، یہ باتیں ممبا دیوی حلقے کے رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہی۔
امین پٹیل نے کہا کہ ہمیں ایسے حادثے ہر برس بارش کے دنوں میں سنائی دیتے ہیں۔ آپ کو بتا دیں کہ شہر ممبئی میں 16000 عمارتیں مخدوش اور کمزور حالت میں ہیں اور ان کی مرمت کرانے سے مہاڈا اسلئے قاصر ہے کہ اُن کے پاس اس کے لیے فنڈ ہی نہیں ہے جس کے سبب بروقت مرمت نہ ہونے کے سبب عمارتیں حادثے کی شکار ہو جاتی ہیں جسکے سبب جانی اور مالی نقصان ہوتا ہے۔
پٹیل نے کہا کہ اس سے قبل میں نے اسمبلی میں کئی بار آواز اٹھائی جب پرتھوی راج چوہان وزیر اعلیٰ تھے اس وقت بھی اس فنڈ میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اُنہوں کہا کہ میں نے ہر بار اسمبلی اور اسمبلی کے باہر اس طرح سے مرمت کے لیے مختص کیے گئے فنڈ کو بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میں نے سرکاری حکام سے اس بارے میں بات کی اور مرمت کے لیے فنڈ کو 200 کروڑ روپئے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مخدوش عمارتوں کی مرمت کا کام کیا جسکے۔ پٹیل نے کہا کہ حکومت کو اب اس بارے میں سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے او اس کے لیے مختص فنڈ کو ریلیز کیا جانا چاہئے تاکہ مرمت کا کام ہو اور حادثے نہ ہوں۔