بنگلور: کرناٹک فحش ویڈیو کے کلیدی ملزم پراجول ریونا پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بنگلور کے فریڈم پارک میں سینکڑوں کی تعداد میں سماجی کارکنان اور طلباء کی جانب سے زبردست احتجاج کیا گیا۔
احتجاجیوں نے پرجول ریونا کو 300 سے زائد خواتین کا مبینہ طور پر جنسی استحصال کرنے اور ان کے خاندان کو برباد کرنے پر ایک درندہ قرار دیا اور کہا کہ جب رکشک ہی بھکشک بن رہے ہیں تو پھر خواتین کہاں محفوظ ہیں؟
احتجاج کرنے والوں نے یہ بھی کہا کہ اس سیکس اسکینڈلز میں نہ صرف بی جے پی بلکہ کانگریس بھی پراجول ریونا کو بچانے میں لگی ہوئی ہے۔ بی جے پی نے پراجول کو ملک سے بھگانے میں مدد کی اور کانگریس حکومت کی پولیس نے ایف آئی آر میں پراجول پر ریپ کلاز سماجی کارکنان کے احتجاج کرنے کے بعد ایڈ کیا۔
سماجی کارکنوں نے پراجول ریونا کی جلد از جلد گرفتار کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کر کے ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ کرناٹک فحش ویڈیو کیس میں اب تک پراجول ریونا کے والد ہیچ ڈی ریونا کو گرفتار کیا جاچکا ہے لیکن پراجول ریونا ملک سے فرار ہونے کی وجہ سے ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔ جبکہ حکومت کرناٹک کی جانب سے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی پراجول ریونا کے خلاف لک آؤٹ نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے۔