امپھال: منی پور سے ایک بار پھر تشدد کی خبر سامنے آئی ہے۔ بہار کے دو مزدوروں کو ریاست کے کاکچنگ ضلع میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولس اس واقعے کی جانچ میں مصروف ہے۔
منی پور کے کاکچنگ ضلع میں ہفتہ کی شام بہار کے دو مہاجر مزدوروں کو نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ مسلح حملہ آوروں نے کاکچنگ وابگئی روڈ پر کیرک میں دو مزدوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولین کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ مزدوری کر کے اپنی سائیکل پر لوٹ رہے تھے۔
پولیس فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کر سکی کہ مزدوروں پر حملہ کس نے کیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت سنالال کمار (18) اور دشرتھ کمار (17) کے طور پر کی گئی ہے۔ مرنے والے بہار کے گوپال گنج ضلع کے یادو پور تھانہ حلقے کے رہنے والے تھے۔ وہ تعمیراتی کام کر رہے تھے اور کاکچنگ میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: منی پور تشدد: تین افراد کے قتل کے بعد مظاہرین نے وزراء اور ایم ایل ایز کے گھروں کو بنایا نشانہ، کرفیو نافذ
سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی منی پور میں مہاجر مزدوروں پر کئی مواقع پر حملے ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء پہاڑی اور وادی کے اضلاع کے سرحدی اور حساس علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن چلایا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران ضلع کانگ پوکپی میں دو رائفلیں اور 49 زندہ کارتوس سمیت دیگر اقسام کے گولہ بارود اور اسلحے برآمد کئے گئے۔ اس سے ایک دن پہلے تھوبل ضلع میں منی پور پولیس کے کمانڈوز اور ایک عسکریت پسند گروپ کے درمیان شدید گولی باری کے بعد ایک مسلح جنگجو کو ہلاک اور چھ دیگر کو گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: منی پور تشدد: کشیدگی کے بیچ امپھال میں کرفیو نافذ