بنگلور: ملک کی قدیم تنظیم آل انڈیا مجلس تعمیر ملت کے کرناٹک چیپٹر کا حال ہی میں دار الحکومت بنگلور میں افتتاح عمل میں آیا۔ جہاں پر ادارے کے ذمہ داران نے متعدد قرارداد منظور کیے اور عہد کیا کہ تنظیم کے ارکان سماجی اعتبار سے ملت کی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ مجلس تعمیر ملت کے جوائنٹ سیکرٹری اعجاز احمد نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ تنظیم نہیں جو کہ صرف انتخابات کے موسم میں متحرک رہتی ہے اور پھر غائب ہوجاتی ہے، بلکہ سال بھر سماجی خدمات میں مصروف رہتی ہے۔ اعجاز احمد نے بتایا کہ چونکہ پارلیمنٹ کے عام انتخابات کے پیش نظر مجلس تعمیر ملت اس ایجنڈے پر کام کر رہی ہے کہ ریاست کرناٹک سے پارلیمنٹ میں مسلمانوں کی نمائندگی بڑھائی جائے اور اس کے لیے وہ ریاستی سطح کی چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Karnataka Assembly Elections 2023 کرناٹک اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بیداری پروگرام کا انعقاد
اعجاز احمد نے مزید بتایا کہ وہ پارلیمانی عام انتخابات کی تیاری کی سلسلہ میں سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر مسلمانوں کے ووٹوں کی شرح بڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ جیسے ووٹر آئی ڈی کیمپس کا اہتمام کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ لوک سبھا میں گزشتہ 15 سالوں سے ایک بھی مسلم نمائندہ داخل نہیں ہوا ہے جو کہ ریاست کے دانشوروں کے لیے ایک افسوس کی بات ہے اور مختلف انداز میں کوششیں چلی ہیں کہ کانگریس پارٹی پر دباؤ بنایا جائے کہ ریاست میں کم از کم 3 تا 5 مسلمانوں کو ایم پی الیکشن کے ٹکٹ دیے جائیں۔