مالیگاؤں: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مہاراشٹر کے مختلف پارلیمانی حلقوں میں بھی لوک سبھا انتخابات 2024 کے تحت پانچویں مرحلے کے لئے ووٹنگ مکمل ہو گئی۔ دن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں نے مقامی باشندوں سے ووٹ ڈالنے کے لیے بڑی تعداد میں پولنگ بوتھوں تک پہنچنے کی اپیل کی۔
شہر کی سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران نے پولنگ بوتھ سینٹروں کا دورہ کیا تاکہ ووٹرز کے درپیش مسائل کو فورا حل کیا جاسکے۔ اس موقعے پر مجلس اتحاد المسلمین کے مقامی ذمہ دار عبدالمالک یونس عیسی نے کہا کہ ہمارے تمام حقوق چھین لیے گئے، صرف حق رائے دہی کا ہی حق باقی رہ گیا ہے۔ اس لیے عوام گھروں سے نکلیں اور ووٹ فیصد بڑھانے کے لیے ووٹ کریں۔
اس دوران سماج وادی پارٹی کے یوا نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ اس سے قبل جتنے بھی لوک سبھا چناؤ ہوئے اس سے بہتر ووٹنگ اس بار کے چناؤ میں نظر آرہی ہے۔ لیکن جو ہدف 70 / 75 فیصد کا تھا، فی الحال اس کی طرف جاتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے۔ اپنے دستور کی حفاظت کیلئے بڑی تعداد میں ووٹرز باہر آئیں گے تو وہ ہدف پورہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی فلسطین پر وحشیانہ بمباری کے خلاف جمعہ کو این سی پی کا احتجاج
وہیں کانگریس پارٹی کے مقامی صدر اعجاز بیگ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ وقت کسی پر تنقید کرنے کا نہیں ہے۔ لیکن غلطی یہاں کے رہنماؤں کی ہے، جو آپسی سیاسی اختلافات کے سبب لوگوں کی اصل ووٹ کٹوانے کے ذمہ دار ہیں۔ اس وجہ سے بھی مالیگاؤں حلقہ کا ووٹنگ فیصد کم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے پولنگ بوتھ سینٹر کی ایک مشن بند ہوگئی تھی، جسے شروع کروانے کے بعد یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ جتنی دیر کے مشن بند تھی، اتنا وقت زیادہ دیا جائے۔