گیا : وقف ترمیمی بل کے سلسلے میں بہار کے ملی و مذہبی اور خانقاہوں کے نمائندوں نے وزیراعلی حکومت بہار نتیش کمار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور بل کے تعلق سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے اس ضمن میں میمورنڈم بھی پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے تمام شرکا وفد کو یقین دلایا کہ کبھی ہم نے مسلمانوں کے خلاف کسی بھی عمل کو گوارہ نہیں کیا ہے اور آپ لوگ یقین رکھیں کہ آئندہ بھی ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
وفد کے مطابق جب وزیراعلی کو بل کے نقصانات کی تفصیل بتائی گئی تو انہوں نے بل کے تعلق سے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی کہ یہ چیزیں ہمارے علم میں نہیں تھیں اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے میمورنڈم کی کاپی شرکا وفد کی موجودگی میں پارٹی کے کارگزار صدر سنجے جھا، پارٹی کے سینیئر لیڈر اور ریاستی وزیر وجے چودھری اور منیش ورما کے حوالہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے غور سے دیکھیے اور ہمیں بتائیے، ہم خود اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے بات کریں گے۔
پارٹی کی جانب سے اپنا موقف رکھتے ہوئے وجے چودھری اور سنجے جھا نے کہا کہ وزیرااعلی ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ رہے ہیں اور اس معاملے میں بھی ضرور ساتھ رہیں گے اور وفد کے مفاد کے خلاف کسی بھی بل کو منظور نہیں ہونے دیں گے۔ آپ لوگوں نے جو باتیں ہمیں لکھ کر دی ہیں ہم انہیں پڑھ کر اپنی پارٹی کی طرف سے جے پی سی کے اپنے رکن کو بھی اپنا موقف بتائیں گے، بلکہ وہ' ایم پی ' آپ حضرات کے ساتھ بیٹھ کر بل کو سمجھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ آپ لوگ ہر طرح سے مطمئن رہیں اور وزیراعلی کا پیغام عام لوگوں تک پہنچا دیں۔
اس موقع پر ارکان وفد نے جے ڈی یو پارٹی سے ہر ایسے رخ سے اعتراض کرنے کی گزارش کی جس سے اوقاف کو کسی قسم کا نقصان پہنچے۔ ارکان وفد کا تعارف امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے کرایا، اس دوران اُنھوں نے کہا کہ ہم تمام شرکا وفد کی طرف سے ارشاد اللہ چیئرمین سنی وقف بورڈ کا خاص طور سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک اہم دینی اور ملی معاملہ پر وزیراعلی سے ملاقات کا موقع فراہم کرایا۔ وزیراعلی سے ملاقات کے موقع پر انجینیئر فہد رحمانی خانقاہ رحمانی مونگیر نے بل کے نقصان دہ پہلوؤں کو تفصیل سے وزیراعلی کے سامنے رکھا اور مولانا سید شمیم الدین منعمی سجادہ نشیں خانقاہ منعمیہ متین گھاٹ پٹنہ نے بھی وزیراعلی کے سامنے بل کے خطرناک پہلووں سے واقف کرایا اور کہا انہی پہلووں کے تعلق سے مسلمانوں کے درمیان تشویش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وقف کی ملکیت کو میں کسی کو ہاتھ بھی لگانے نہیں دوں گا: اودھو ٹھاکرے - Uddhav on The Waqf Amendment Bill
واضح ہوکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کرنے پہنچے وفد میں سبھی مسلک کے نمائندوں کے ساتھ سماجی اور سیاسی رہنماء شامل تھے۔ اس موقع پر محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان بھی موجود تھے