احمدآباد: گجرات حج کمیٹی کے چیئرمین اقبال سید نے کہا کہ ریاست سے حاجیوں کی آخری فلائٹ احمدآباد ائیرپورٹ آ چکی ہے۔ گجرات کے تقریباً 15000 عازمین حج اس سال سفر حج پر گئے تھے۔ ان کی 2جولائی سے واپسی شروع ہوئی تھی۔ گجرات کے تمام حاجی خیر و عافیت سے گجرات واپس آچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ حاجیوں کو گجرات حج کمیٹی کی طرف سے تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ تاکہ حاجیوں کو کسی طرح کی تکلیف نہ پہنچے۔ ایئرپورٹ پر بھی اچھا انتظام رہا۔ ان کے لیے ہم نے ٹینٹ بنوائے ۔حجاج کے رشتہ داروں کے لئے انتظامات کئے گئے تھے۔ہم نے ان کا استقبال کیا۔
وہیں گجرات حج کمیٹی کے سیکرٹری امتیاز گھانچی نے کہا کہ اس سال الحمدللہ بہت ہی اچھا سفر حج رہا۔ گجرات حج کمیٹی نے اپنی طرف سے حاجیوں کے لیے بہترین سہولیات کے انتظامات کئے گئے۔آج 21ویں فلائٹ یعنی گجرات کی آخری فلائٹ سفر حج سے واپس آئی۔
یہ بھی پڑھیں:گیا ایئرپورٹ پر حاجیوں کے آخری قافلے کی آمد کے ساتھ ہی حج آپریشن 2024 کا اختتام
گجرات حج کمیٹی کے رکن نائن قاضی نے کہا کہ 2024 سفر حج کا آپریشن ہم نے اٹھ مہینے پہلے شروع کر دیا تھا۔ 2023 میں حاجیوں اضافی رقم بھرنی پڑی تھی۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سال مرکزی حکومت سے اس معاملے میں راحت دینے مطالبہ کیا تھا۔مرکزی حکومت نے راحت دی۔ حاجیوں کو 2023 کے مقابلے میں 2024 میں 40 ہزار روپے کم جمع کرنے پڑے۔