کولکتہ: کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج میں خاتون ڈاکٹر کے عصمت ریزی اور قتل معاملے پر احمدآباد کے سرخیز میں رہنے والی سماجی کارکن مہجبین پٹھان نے کہا کہ کولکتہ کی ڈاکٹر کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے معاملے نے پورے ملک کا دل دہلا دیا ہے۔ یہ نہایت ہی دلخراش واقعہ ہے۔ کولکتہ میں جو ہوا وہ کہیں بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم گجرات سے اس لڑکی کو انصاف دلانے کے لئے احتجاج کر رہے ہیں۔ اس لڑکی کو انصاف دلانے میں گجرات کی عوام پیچھے نہیں ہٹے گی۔ بیجل جوشی کو انصاف مل سکتا ہے تو اس لڑکی کو بھی انصاف ملنا چاہیے۔ اس سے قبل عاصفہ کی بھی عصمت ریزی ہوئی اس معاملے کو کیوں دبا دیا گیا۔ ہمیں اسے بھی انصاف دلانا ہوگا ہم کیوں چپ بیٹھے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ کی بات کرتے ہیں لیکن ہماری بیٹیاں اب محفوظ نہیں ہیں، ان کی سلامتی کے لئے کوئی قدم کیوں نہیں اٹھایا جاتا، سب خاموش کیوں ہو جاتے ہیں، اس طرح سے کیسے بیٹیاں پڑھیں گی اور آگے بڑھیں گی۔ کولکتہ کی ڈاکٹر کے ساتھ اتنی زیادہ زیادتی ہوئی اس کے باوجود لاپرواہی دکھائی گئی، اب تک اسے انصاف نہیں ملا، اب ہم کیسے بھروسہ کریں گے ہماری بیٹیاں محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب اس لڑکی کو انصاف دینے کی مانگ کر رہے ہیں اور جلد از جلد گنہگار کو سخت سے سخت سزا ملے یہ مطالبہ کرتے ہیں۔ اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو ایسی سزا دی جائے تاکہ دوبارہ کوئی درندہ اس طرح اس کی حرکت کرنے کی سوچ بھی نہ سکے۔