نئی دہلی: بھارت یوم جمہوریت کے اپنے 75 برس مکمل کر چکا ہے۔ ایسے میں یوم جمہوریت کے موقع پر بھارت کی تمام ریاستوں کی نمائندگی کرتے ہوئے جھانکیاں نکالی گئیں، جسے بعد میں دارالحکومت دہلی کے لال قلعہ کے پہلو میں عوام کے لیے نمائش کے طور پر رکھا گیا۔ اس نمائش کو بھارت سرکار نے بھارت پرو کا نام دیا ہے۔ جسے وزارت سیاحت کے ذریعہ 23 جنوری سے 31 جنوری تک کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ رواں برس بھارت پرو کے موقع پر ملک کی مختلف ریاستوں کے ذائقوں کو بھی عوام کے درمیان لانے کی کوشش کی گئی، جس میں جموں و کشمیر کے ذائقہ کو کافی پسند کیا جا رہا ہے۔ سیاح وہ چاہیں بھارتی ہوں یا غیر ملکی سبھی کو اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے اس تہوار کے موقع پر ایران سے شامل ہونے آئے ایک نوجوان سیاح یاسر سے بات کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں جموں و کشمیر کے ذائقوں میں گشتابہ، روغن جوش اور فرنی کافی پسند آئی کیونکہ یہ ذائقہ انہیں ایرانی ذائقوں جیسے ہی معلوم ہوتے ہیں۔ جموں و کشمیر کے فوڈ پویلین میں گشتابہ، رستہ، روغن جوش، تبک ماز، کباب سمیت جموں کے راجما چاول، دم آلو اور پنیر کی سبزی کے ساتھ ساتھ روایتی ڈشز بھی گرم قہوہ کے ساتھ عوام کو مہیا کی جا رہی ہیں۔ اس دوران دیگر ریاستوں سے آئے سیاح بھی مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ذائقوں کے علاوہ بھارتی حکومت نے بھارت پرو 2024 کے موقع پر ملک کی تمام ریاستوں کے سیاحتی مقامات کو عوام سے روبرو کرانے کی غرض سے نمائش میں شامل کیا ہے۔ اس دوران اُن اشیاء کو بھی نمایاں کیا ہے جو ان کی ریاست کی شناخت ہیں اور جو مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں، انہیں سیلفی پوائنٹ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر جموں و کشمیر سے آئے سیاح مشتاق احمد ماگرے اور انکش سونی نے بھی اپنے خیالات و تاثرات پیش کیے۔