بنگلورو: کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر بی ایس یدی یورپا کو بڑی راحت دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے پوکسو معاملے میں یدی یورپا کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ جسٹس کرشنا ڈکشٹ کی سربراہی والی ہائی کورٹ کی بنچ نے کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پولس کو ہدایت دی کہ وہ اگلی سماعت تک یدی یورپا کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے جبکہ یدی یورپا کو 17 جون کو تفتیش کاروں کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
درخواست دہندہ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ وہ 17 جون کو تفتیشی افسران کے سامنے پیش ہوں گے۔ یدی یورپا کے خلاف نچلی عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے بعد ریاستی بی جے پی نے جمعہ کو کانگریس کی حکمراں جماعت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لیڈر لوک سبھا انتخابات میں اپنی ذلت آمیز شکست کے بعد سازش کر رہے ہیں۔
اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر ایک پوسٹ میں بی جے پی کرناٹک نے لکھا، "لوک سبھا انتخابات میں ذلت آمیز شکست سے صدمے میں، کانگریس لیڈر بی جے پی کے خلاف ایک کے بعد ایک سازش رچنے میں مصروف ہیں۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’بی جے پی سے ناراض کانگریس اب ہمارے قابل احترام لیڈر بی ایس یدی یورپا کو ایک ذہنی طور پر غیر مستحکم خاتون کی شکایت کی بنیاد پر گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ یدی یورپا کے خلاف 17 سالہ لڑکی کی ماں کی شکایت کی بنیاد پر پوکسو ایکٹ اور تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 354 اے (جنسی ہراسانی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس نے الزام لگایا تھا کہ یدی یورپا نے اس کی بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔