بنگلور: عازمین حج خبردار ہوجائیں، حج ٹور آپریٹرز کے نام پر کئی غیرقانونی و دھوکہ باز ایجنٹس آپ کے ساتھ فراڈ کرنے کی تاک میں ہیں۔ آپ کو سستے حج یا عمرہ پیکیج کا لالچ دیکر دھوکہ دینے کےلئے تیار ہیں۔ عازمین حج کو صحیح رہنمائی نہ ملنے کی وجہ سے سفر حج میں دشواریاں پیش آتی ہیں۔ وہ فرضی و دھوکہ باز ایجنٹز کے دھوکہ میں آکر لاکھوں روپئے کا نقصان کرلیتے ہیں۔ کرناٹک اسٹیٹ حج آرگنائزرس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ صرف رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز کے ذریعے ہی مقدس سفر کو جانے کا شیڈول تیار کریں۔ فرضی یا غیرقانونی ٹور آپریٹرز کے دھوکے میں آنے سے بچیں۔
اس سلسلے میں کرناٹک اسٹیٹ حج آرگانائزرس اسوسئیشن ذمہ داران اقبال احمد صدیقی و شفیع احمد کی جانب سے آگاہ کیا جارہا ہے کہ عازمین حج غیرقانونی ایجنٹس کے دھوکہ سے محتاط رہیں۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ "نوسوک" موبائل ایپ و نسوک کارڈ کا درست استعمال کریں اور اپنے حج بیت اللہ و مدینہ المنورہ کے سفر کو کامیاب بنائیں. اقبال احمد صدیقی نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے غیرقانونی طور پر حج کرنے والوں کےلئے سخت سزاؤں کا قانون بنایا ہے جو بغیر ویزے کے حج کے لیے سعودی عرب میں داخل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عازم درست اور مستند ویزا کے بغیر حج کرتا ہوا پایا گیا تو حکومت 6 ماہ قید کے ساتھ 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے اور آئندہ 10 سال تک اس شخص کے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے حکومت ہند کی طرف سے جاری کردہ انتباہ سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ عازمین کو حکومتی اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔