کانپور: کانپور میں چار مہینوں نے لاپتہ ایکتا نام کی ایک خاتون کی لاش برآمد کی گئی ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ لاش ڈی ایم کی رہائش گاہ کے احاطے سے کچھ فاصلے پر واقع آفیسرس کلب کے احاطے سے برآمد کی گئی ہے۔ اس معاملے میں ایک جم ٹرینر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم پچھلے چار مہینوں سے آزاد گھوم رہا تھا۔ کوتوالی پولیس کی ٹیم نے شکر مل کھلوا کمپاؤنڈ کے رہنے والے ومل سونی کو ہفتے کی رات گرفتار کیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
ججوں اور اعلیٰ افسران کی رہائش گاہوں کے پاس ملی لاش
اس پورے معاملے میں حیران کن بات یہ ہے کہ جہاں پولیس کو لاش ملی، اس کے قریب ہی انتظامی افسران اور ججوں کی رہائش گاہیں ہیں۔ تمام رہائش گاہوں کے باہر کم از کم ایک سیکورٹی گارڈ موجود ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔ عام لوگوں میں اس احاطے تک پہنچنے کی ہمت نہیں ہے۔ اس وجہ سے پولیس کے دعوؤں پر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک جم ٹرینر کار کے ذریعے وہاں پہنچ کر اور خاتون کی لاش کو دفنانے کے لیے پانچ گھنٹے تک گڑھا کھودے اور لاش کو دفنانے کے بعد واپس آ جائے اور اس سب کے بیچ اسے کوئی نہ دیکھ سکے!
یہ تھا پورا معاملہ
دراصل، پولیس کے دعووں کے مطابق کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں واقع شکر مل کھلوا کمپاؤنڈ کے رہنے والے ومل سونی جم ٹرینر تھے۔ یہاں کوتوالی تھانہ علاقہ کی رہنے والی دو بچوں کی ماں ان کے جم خانے میں جایا کرتی تھی۔ اسی دوران ومل اور خاتون کے درمیان بات چیت شروع ہو گئی۔ تقریباً چار ماہ قبل 24 جون کو جب خاتون جم سے باہر آتے ہوئے اچانک لاپتہ ہو گئی تو اس کے شوہر جو کہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازم ہے، نے خاتون کی گمشدگی کے حوالے سے تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی۔ اس معاملے میں کوتوالی پولس کی طرف سے جانچ شروع کی گئی، تاہم پولیس چار ماہ تک ملزم کو تلاش نہ کر سکی۔
ملزم کا مبینہ انکشاف
پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو جب ملزم پکڑا گیا تو اس نے خاتون کے قتل کے حوالے سے پوچھ گچھ کے دوران کئی اہم انکشافات کیے۔ انہوں نے کہا کہ 24 جون کو جب ایکتا جم سے باہر آئی تھی تو اس نے اسے اپنے کار میں بٹھایا۔ پھر دونوں کے درمیان کچھ باتیں ہوئیں۔ ملزم کے مطابق جیسے ہی اس نے ایکتا کو بتایا کہ اس کی شادی ہو رہی ہے، ایکتا فوراً اس پر بھڑک گئی۔ دونوں کے درمیان کافی دیر تک نوک جھونک ہوئی اور اس کے بعد ملزم ومل نے ایکتا کے گلے میں گھونسا مارا جس کی وجہ سے کار میں ہی ایکتا کی موت ہو گئی۔ اس کے بعد چند گھنٹوں کے بعد ملزمین نے ایکتا کی لاش ڈی ایم کمپاؤنڈ کے پاس دفنا دیا۔
ڈی سی پی کا بیان
اس معاملے کو لے کر ڈی سی پی ایسٹ ایس کے سنگھ نے کہا کہ جب ملزم نے بتایا کہ خاتون کی لاش کو ڈی ایم کمپاؤنڈ کے پاس دفن کیا گیا ہے تو وہ سب سے پہلے یہاں پہنچے اور لاش کو برآمد کیا۔ جب کہ ملزم خاتون کو قتل کرنے کے بعد نہ تو واٹس ایپ استعمال کر رہا تھا اور نہ ہی فون۔ ملزم کئی روز تک پنجاب کے ایک ہوٹل میں کام بھی کرتا رہا۔ پولیس نے اس کے دو بینک کھاتوں کو ضبط کر لیا ہے۔
شوہر کا ملزم کو پھانسی دینے کا مطالبہ
مقتول خاتون کے شوہر راہل گپتا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب اس کی دنیا میں کچھ نہیں بچا۔ دو بچے ہیں، جن کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔ راہل نے کہا، وہ گذشتہ چار ماہ سے مسلسل پولیس کے آگے پیچھے دوڑ رہا تھا۔ انہیں یقین تھا کہ پولیس ایکتا کو ڈھونڈ لے گی۔ لیکن اب اس کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مطالبہ صرف یہ ہے کہ قاتل کو پھانسی دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
خاتون نے لیو ان پارٹنر کا خوفناک طریقے سے کیا قتل، ہتھوڑا، اسکریو ڈرائیور اور لاٹھی سے کیا حملہ