بھوپال: کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ کے حوالے سے جاری خبروں کے درمیان مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے کہا ہے کہ انہوں نے کمل ناتھ سے بات کی ہے اور وہ کانگریس میں ہی رہیں گے۔ جیتو پٹواری نے اتوار کی شام سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے بیان میں کہا ہے، ’’میں نے کمل ناتھ جی سے بات چیت کی ہے، کمل ناتھ جی نے واضح کر دیا ہے کہ میڈیا میں چل رہی خبریں بے بنیاد اور سازش کا حصہ ہیں۔ کمل ناتھ جی نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ کانگریسی تھا، کانگریسی ہوں اور کانگریسی رہوں گا۔ کمل ناتھ جی کے گاندھی خاندان سے قریبی تعلقات ہیں۔ یہ رشتے حالات کے ساتھ بدلنے والے نہیں ہیں۔ کمل ناتھ جی ہمیشہ کانگریس کے نظریہ کے ساتھ زندگی گزاری ہے۔
جیتو پٹواری نے لکھا ہے، ’’بھارتیہ جنتا پارٹی میڈیا کا غلط استعمال کرکے اور اس کی پارٹی سے وابستگی پر شبہ پیدا کرکے کسی بھی سیاست داں کی شبیہ کو خراب کرنے کی سازش کررہی ہے۔‘‘ پٹواری نے اس سلسلے میں ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، مدھیہ پردیش کانگریس کے سربراہ جیتو پٹواری، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار اور دیگر سرکردہ لیڈران ایم ایل ایز سے ان کی شکایات سننے کے لیے ایک دوسرے سے بات کر رہے ہیں۔
یو این آئی