رانچی: خصوصی پی ایم ایل اے عدالت رانچی نے ہفتہ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ایک زمین کے گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں جیل میں بند جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے خلاف دائر استغاثہ کی شکایت کا نوٹس لیا۔ 5,500 صفحات پر مشتمل یہ شکایت ہفتہ کو رانچی کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کی گئی۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے زمین 'گھپلے' کیس کے سلسلے میں 8.5 ایکڑ اراضی بھی ضبط کر لی ہے۔
ہیمنت سورین کو 31 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت رانچی کے ہوتوار میں واقع برسا منڈا سنٹرل جیل میں بند ہیں۔ 21 مارچ کو پی ایم ایل اے عدالت نے ان کی عدالتی حراست میں 4 اپریل تک توسیع کر دی تھی۔ 29 فروری کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلی کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کر دیا، جس میں ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت مانگی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
جھارکھنڈ نہیں جھکے گا، 'انڈیا' نہیں رکے گا، رام لیلا میدان سے کلپنا سورین کا خطاب
قبل ازیں ای ڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے جے ایم ایم لیڈر کے قبضے سے 36 لاکھ روپے سے زیادہ کی نقد رقم برآمد کی ہے، اس کے ساتھ 'دھوکہ دہی سے' زمین کے مبینہ حصول کی تحقیقات سے منسلک دستاویزات بھی ہیں۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ 8.5 ایکڑ زمین کے پارسل مجرمانہ آمدنی کا حصہ تھے جو سابق وزیر اعلی نے مبینہ طور پر حاصل کیے تھے۔ واضح رہے کہ ہیمنت سورین اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجروال کی گرفتاری کے خلاف نہ صرف اپوزیشن پارٹیوں کے رہنما بلکہ امریکہ اور اقوام متحدہ نے بھی سوال اٹھائے تھے۔ عآپ اور انڈیا بلاک کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کے گئے ہیں۔