حیدرآباد: علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد میں بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس اتوار 28 جنوری کو دس بجے دن زیر نگرانی مولانا سیدشاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ مقرر ہے۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ صدارت کریں گے اور بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے۔ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ شیخ الادب و نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ خیر مقدمی کلمات ادا کریں گے۔
مولانا ڈاکٹر سید بدیع الدین صابری رکن جامعہ نظامیہ اسفار امام بخاریؒ و تحصیل حدیث پر خطاب کریں گے۔ تدوین حدیث و امام بخاریؒ کی شان کے عنوان سے مولانا حافظ سید صغیر احمد نقشبندی شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ کا خطاب ہوگا۔ امام بخاریؒ کے فقہی مقام پر مولانا مفتی حافظ سید ضیا الدین نقشبندی شیخ الفقہ و مفتی جامعہ نظامیہ خطاب کریں گے۔ مولانا حافظ میر لطافت علی شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ ختم بخاری کے موقع پر پڑھی جانے والی مستجاب و مقبول دعائے ختم بخاری پڑھیں گے۔ طلبہ جماعت فاضل سوم قرات، نعت اور اناشید پڑھیں گے۔ جلسہ میں حسب روایت جامعہ نظامیہ کے فارغین‘ علماء کرام اور مشائخ عظام شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں: حضرت مولانا محمد انواراللہ فاروقیؒ کی خدمات ناقابل فراموش
واضح رہے کہ جنوبی ہند کی سب سے قدیم اسلامک یونیورسٹی جامعہ نظامیہ میں ہر سال درس ختم بخاری شریف منعقد کیا جاتا ہے جس میں مقامی علماء کرام کے علاوہ عوام کی بھی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے۔
یو این آئی