گیا: بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے نصاب کا تجزیہ اور نئی تعلیمی پالیسی کے تحت نیا نصاب مرتب کرنے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کی تشکیل کی گئی ہے۔ بی پی ایس سی کے سابق ممبر امتیاز احمد کریمی کو مدرسہ بورڈ کی اس ماہرین پر مشتمل کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ نصاب سے متعلق ماہرین کمیٹی اپنی رپورٹ اگلے ایک مہینے میں ریاست کی حکومت کو سونپے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری محکمۂ تعلیم سنجے کمار کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ کمیٹی مدارس کے موجودہ نصاب کا تجزیہ کرے گی اور نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق مدارس کے نصاب میں عصری تقاضے کے تحت سائنس اور جدید مضامین کو شامل کرنے کی سفارش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
Imteyaz Karimi بہار پبلک سروس کمیشن کے رکن امتیاز کریمی سے خصوصی بات چیت
مدارس کے نصاب میں کمیٹی ووکیشنل کورسز کو شامل کرنے کی سفارش بھی کرے گی۔ نصاب سے متعلق کمیٹی اپنی رپورٹ ریاستی حکومت کو ایک مہینے کے اندر سونپ دے گی۔ اس کا مقصد بہار میں مدرسے کی تعلیم کو معیاری بنانے کے ساتھ عصری تعلیم سے منسلک کرکے مدارس کو ماڈرن شکل دینا ہے تاکہ اس بورڈ سے پڑھنے والے طلباء بھی اپنی تعلیمی صلاحیت سے آگے بڑھیں۔ چیئرمین امتیاز کریمی کے علاوہ اس کمیٹی میں ڈاکٹر سید عبدالمعین، ڈاکٹر گیا ندیمونی، ڈاکٹر امتیاز عالم اور ڈاکٹر محمد انیس الرحمٰن کے نام بھی شامل ہیں۔