گیا (بہار): ضلع گیا میں دعوت افطار کا سلسلہ شروع ہو گیاہے۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے دعوت افطار کی خبریں بھی موصول ہورہی ہیں۔ ان دعوت افطار میں ایک بڑی اور خاص دعوت افطار خانقاہ مخدوم درویشیہ اشرفیہ چشتیہ بیتھو شریف کی ہے جہاں حضرت سید شاہ قطب ربانی علیہ الرحمہ کے آستانے پر دعوت افطار ہوتی ہے اور اس میں بیتھو شریف کے علاوہ دور دراز سے عقیدت مند پہنچتے ہیں۔
یہاں بڑی تعداد میں برادران وطن کو بھی مدعو کیا جاتا ہے اور وہ بھی روزہ کی فضیلت، اہمیت اور افادیت سے روشناس ہوتے ہیں۔ خانقاہ میں منعقد دعوت افطار میں سابق ریاستی وزیر اور مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر سریندر پرساد یادو، مقامی تھانہ چاكند کی پولیس سمیت سیاسی سماجی اور معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں روزہ داروں نے شرکت کی۔
اس دعوت افطار میں مرکزی خانقاہ درویشیہ اشرفیہ کے سجادہ نشین حضرت سید شاہ ارباب اشرف بھی شامل ہوئے۔ افطار کا اہتمام خانقاہ درویشیہ اشرفیہ چشتیہ کے سجادہ نشیں حضرت سید شاہ خالد اشرف کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔
دعوت افطار کے موقع پر مقامی رکن اسمبلی نے اپنے تاثرات پیش کئے انہوں نے کہا کہ انکا اس خانقاہ سے دلی لگاؤ ہے اور وہ ہر برس افطار میں شرکت کرتے ہیں کیونکہ یہاں آنے قلبی سکون بھی ملتا ہے اور ایک بڑا پیغام بھی ملتا ہے کہ بزرگوں کا آستانہ انسانیت کو جوڑتا ہے۔
یہاں بلا تفریق ہندو مسلم سبھی ایک ساتھ بیٹھ کر افطار کرتے ہیں اور آپسی بھائی چارے کی مثال پیش کرتے ہیں۔ چونکہ اس بار ہولی کے موقع پر دعوت افطار ہوئی ہے تو یہ اور خاص پیغام ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور بزرگوں کا آستانہ سبھی کے لیے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: