دہلی: یوں تو دہلی کی شاہراہوں میں ملک کی مختلف ریاستوں کے پکوان پیش کئے جاتے ہیں۔ لیکن پرانی دہلی اور شاہین باغ ذائقوں کا مرکز بن چکا ہے اور اب ملک کے ذائقہ کے ساتھ ساتھ بیرونی ذائقوں سے بھی آپ واقف ہوسکتے ہیں۔ دراصل گذشتہ کچھ برسوں کے دوران دار الحکومت دہلی میں عربی پکوانوں کی شہرت میں کافی اضافہ ہوا ہے، مسلم علاقہ جہاں مغلئی ذائقوں کے لیے پہچانے جاتے تھے۔ وہیں اب عرب ممالک کے دسترخوان کے ذائقے مسلم علاقوں کی پہچان بنتے جا رہے ہیں۔
اسی سے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے قومی دہلی میں عربی کھانوں کا آغاز کرنے والے ہاتم تائی ریسٹورنٹ کا دورہ کیا مالکان کے مطابق دہلی کی عوام کو سب سے پہلے عربی ذائقے سے انہوں نے ہی واقف کرایا تھا۔ تاہم بعد میں اسی طرح کے ذائقوں کے مختلف اوٹ لیٹس کھل چکے ہیں۔ اس دوران عربی ذائقہ سے خود کو سیراب کرنے پہنچے کچھ نوجوانوں نے بتایا کہ وہ پہلے بھی عربی کھانوں سے محظوظ ہو چکے ہیں۔ لیکن یہ ذائقہ کافی مختلف ہے جو انہیں کافی پسند آیا۔ انہوں نے الفہم مندی کا لطف اٹھایا۔ جسے مرغی کو بھون کر چاول کے ساتھ دسترخوان پر پیش کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: لکھنو میں 183 سالہ نوابی رسوئی کا دوبارہ آغاز
ریسٹورنٹ کے خانسامہ نے بتایا کہ جب انہوں نے دہلی میں عربی ذائقوں کی شروعات کی تھی تو باقاعدہ سعودی عرب کے باورچی یہاں لائے تھے اور تقریبا ایک برس کی تربیت کے بعد وہ دہلی سے سعودی عرب واپس روانہ ہو گئے۔ اس کے بعد سے وہ خود ہی یہاں عربی ذائقے کو عوام کے درمیان پیش کر رہے ہیں۔ عربی کھانوں کی سب سے خاص بات اس میں شامل ہونے والے مصالحہ جات ہیں جسے بچے و بزرگ سبھی باآسانی تناول فرما سکتے ہیں۔