بھاگلپور:رمضان المبارک کے آخری عشرے میں دیگر مسلم اکثریتی آبادی والے علاقوں کی طرح ریاست بہار کے بھاگلپور شہر میں بھی پُر رونق ماحول ہے اور بھاگلپور کے تاتار پور میں یہ رونق دوبالا ہوجاتی ہے۔۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ تاتارپور کا یہ بازار غریبوں اور متوسط طبقے کے لیے انتہائی موزوں ہے کیونکہ یہاں کفایتی در پر عید منانے والوں کے لیے اشیاء دستیاب ہوتی ہیں۔
تاتارپور بازار میں سیوئیوں کی خوب ساری دکانیں سجتی ہیں، جس میں خود بھاگلپور میں تیار شدہ لچھا سوئیاں ملتی ہیں، ساتھ ہی کرتا پائجامہ کی درجنوں دکانیں عید کی آمد کی گواہی دے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سی ایسی دکانیں ہیں جس پر صرف ٹوپیاں ہی فروخت ہوتی ہیں۔ ان دکانداروں کے پاس ہر قسم کی ٹوپیاں ہیں اور یہیں سب سے زیادہ بھیڑ نظر آتی ہے۔
عید کی بات ہو اور عطر کا ذکر نہ ہو ایسا کیسے ممکن ہے، لہذا یہاں عطر فروشوں کی بڑی تعداد ہے۔ جس میں ہر طرح کا عطر مل جاتا ہے۔ جناب محبوب صاحب برسوں سے تاتارپور میں عطر فروخت کر رہے ہیں۔تاتارپور کے اس تاریخی بازار کی رونق کو دیکھتے ہوئے اب بیرونی ریاست کی کچھ نامی کمپنیاں بھی اپنا خصوص اسٹور یہاں کھول رہی ہیں۔ جن میں بنگلور کی ویسٹرن گالا کمپنی بھی ہے جنہوں نے اسی سال یہاں اینا خصوصی اسٹور قائم کیا ہے اور گاہکوں کے رسپانس سے وہ بہت خوش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عید کی خریداری کے لیے خواتین کی پہلی پسند امیر نشاں بازار - Eid Shopping In Aligarh
حالانکہ بھاگلپور ریلوے اسٹیشن سے متصل ہونے کے باعث اس طرح دکانیں لگنے سے کچھ دنوں کے لیے ٹریفک کا مسئلہ بھی ہوتا ہے۔ لیکن عید کے لیے مخصوص تاتارپور بازار کے بنا یہاں کے لوگوں کی عید ادھوری ہے، عید کی خریداری کے لیے ہر خاص و عام کو یہاں آنا ہی پڑتا ہے۔