بھاگلپور:اس موقع پر جمعیت علماء بھاگلپور کے جنرل سکریٹری اور مدرسہ احیاء العلوم ناتھ نگر کے مہتمم مولانا اسجد ناظری نے تربیتی کیمپ میں عازمین و عازمات سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ حج فدائیت و فنائیت اور منافع و برکات کا اہم مظہر ہے۔حج شعائر اسلام میں ایک بڑا شعار اور اسلام کے ارکان میں سے پانچواں عظیم ترین رکن ہے۔
انہوںنے کہاکہ آپ حضرات انتہائی خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے آپ کو اپنے دربار میں بلایا ہے۔ آپ نے جب اس راہ میں اپنا قدم بڑھایا ہے تو اپنے حوصلے کو بھی بلند رکھئے۔ دل کی پیاس بڑھائیے کہ یہ دولت سب کو نصیب نہیں ہو تی ہے۔ انہوں نے سفر حج سے متعلق ضروری تفصیلات بیان کی۔
الجامعۃ الحبیبیہ پورینی کے مہتمم مولانا عطاء الرحمن مفتاحی نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حج ایک ایسا فریضہ ہے جو مومن پر زندگی بھر میں ایک بار فرض ہے۔ اس فریضہ کو اداکرنے سے قبل ایسی تیاری کر لی جائے جس سے کوئی رکن شریعت کے اصول سے ہٹ کر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی سے حج کی تیاری کریں اور ابھی سے مومنانہ صفت پیدا کرلیں،
یہ بھی پڑھیں:Bhagalpur Muharram Committee مرکزی محرم کمیٹی کے ساتھ بھاگلپور ضلع انتظامیہ کا اجلاس
انہوں نے پانچ ایام میں ہونے والے فرائض و واجبات وغیرہ کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر زیارت کے کیا آداب ہیں مفتی محبوب نے بیان کیا۔ اس دفعہ ضلع بھاگلپور سے 165 افراد حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ان کے علاوہ حاجی عمر نے بھی عازمین کو اپنے تجربات سے روشناس کرایا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں جمعیت کے اراکین و ذمہ داران موجود تھے۔