اورنگ آباد: اورنگ آباد شہر کے معروف و معتبر تعلیمی ادارے ڈاکٹر رفیق زکریا کیمپس مولانا آزاد کالج میں " گریجویشن ڈے کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر مظہر فاروقی نے کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے معروف صنعت کار سنیل رائے تھتھا اور بطور مہمان اعزازی، جالنہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیرمین پروفیسر سریش لاہوئی موجود تھے۔ صدارتی خطاب میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر مظہر احمد فاروقی نے کہا کہ ملک کی سرفہرست 100 یونیورسٹیوں کا سروے کرنے پر اندازہ ہوا کہ ان میں 44 فیصد ساؤتھ کی جامعات ہیں۔ جن کے روزگار کا تناسب 40 فیصد ہے جبکہ مولانا آزاد کالج کے روزگار کا تناسب 60 فیصد سے زیادہ ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ آج لڑکوں کی بہ نسبت لڑکیاں زیادہ تعلیم حاصل کر رہی ہیں، اس لئے لڑکوں کو بھی تعلیم کی طرف توجہ دینی چاہئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سنیل رائے نے کامیاب طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں لگن سے کام کرنا چاہئے، اس لئے کہ ہمارا کام ہی ہماری پہچان ہے۔ آپ نے جو کچھ علم حاصل کیا ہے، اس کا اپنے کام میں استعمال ہی صحیح تعلیم ہے۔ آج کی نسل جلد ترقی کی منزلوں کو طئے کرنا چاہتی ہے، اس لئے کہ ایسے بہت سارے مواقع ہیں، جن کی بدولت جلد کامیابیوں کی بلندی تک پہنچا جا سکتا ہے۔ ہمارے نوجوان کسی دیگر ملک کے نوجوان سے کم نہیں ہیں۔ ہمیں ان کی رہنمائی کرتے ہوئے، انھیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
مہمانِ اعزازی سریش لاہوٹی نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا بوالکلام آزاد نے ملک کی تنی آمدنی کا 15 فیصد حصہ تعلیم کے لئے دینے کی ضد کی تھی، جبکہ تعلیم پر صرف دو فیصد ہی دیا جاتا ہے۔ اگر 15 فیصد تعلیم پر خرچ کیا جاتا تو آج صورتحال بہت الگ ہوتی۔ اس سے مولانا کے تدبر کا اندازہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم میں مہارت حاصل کرنی چاہئے ۔ انھوں نے گاندھی جی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ہم دنیا میں جو تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں وہ تبدیلی اپنے آپ میں لانے کی ضرورت ہے۔ پروگرام کا آغاز سید سمیر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض شعبہ کامرس کی صدر پروفیسر اپرنا صراف اور زولوجی شعبہ کے صدر ڈاکٹر ذوالفقار شیخ نے انجام دیئے، جبکہ ڈاکٹر صادق علی کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رفیق زکریا کیمپس سے وابستہ تمام اداروں کے پرنسپل موجود تھے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں کالج کے تمام تدریسی اور غیر تدریسی عملے نے حصہ لیا۔ جبکہ طلبہ اور سرپرست بڑی تعداد میں موجود تھے۔