گیا ضلع میں مانسون فعال ہے۔ صبح سے دیگر اضلاع کے ساتھ گیا ضلع میں اچھی بارش ہو رہی ہے۔ پیر کی آدھی رات کو بارش شروع ہوئی تھی۔ منگل کو دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہوئی، کبھی ہلکی اور کبھی درمیانی بارش ہوتی رہی۔ منگل کو سورج نہیں نکلا تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 59.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پیر سے منگل کی صبح 8:30 بجے تک 11 ملی میٹر اور منگل کی صبح سے شام 5:30 بجے تک 48.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اس سے قبل جون کے آخری روز 113 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی تھی۔ شہر اور یہاں تک کہ دیہات والے بھی خوش ہیں کیونکہ تین دنوں میں 160 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ موسم بہت خوشگوار ہو گیا ہے۔ شدید گرمی سے جہاں شہر کے باشندوں کو راحت ملی ہے۔ وہیں گاؤں میں کھیتی وغیرہ کی کاروائی شروع ہو گئی ہے۔ دھان کی فصل کے لیے بیج کی بوائی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ ماہر موسمیات ایس کے پٹیل نے کہا کہ سازگار حالات کی وجہ سے مشرقی بہار کے آس پاس کے علاقے میں مانسون کی ایک فعال گردش موجود ہے۔ ایک طرف لائن شمالی پنجاب سے بنگال کے ذریعے میزورم اور شمال مغربی بہار تک جا رہی ہے۔ اس لیے بارش ہو رہی ہے۔
منگل کی صبح کئی دیگر اضلاع کے ساتھ گیا میں بھی اچھی بارش ہوئی۔ آئندہ دو روز میں شدید بارش کا امکان ہے۔ بارش کا اثر 2 دن بعد کم ہو جائے گا۔ دن میں ایک یا دو بار بارش ہوگی۔ وہیں بارش نے شہر میں میونسپل کارپوریشن کے برسات کے قبل نالوں کی صفائی کی بھی قلعی کھول دی ہے۔ کئی محلوں کی سڑکوں پر پانی کا جماؤ رہا۔ اے پی کالونی میں اہم سڑک پر کمر تک پانی کا جماؤ تھا جسکے سبب آنے جانے والوں کو مشکلات کا سامنا تھا، گاڑیاں بھی ان راستوں پر بند ہوکر کھڑی نظر آئیں۔ وہیں بارش کی وجہ سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی اور کئی محلوں میں گھنٹوں بجلی کٹی رہی ، اسکی وجہ یہ کئی راستوں پر درخت گر گئے تھے اور اس وجہ سے بجلی کے تار کو نقصان پہنچا تھا۔
بارش ہونے سے ضلع میں دھان کی فصل کی بوائی کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ زراعت کے ضلع افسر نے بتایاکہ ابھی دھان کے بیج کی بوائی کا صحیح وقت ہے۔ صحیح وقت پر بارش ہوئی ہے۔ اس سے کسانوں کو فائدہ ملے گا۔