گیا : بہار کے ضلع گیا کے شیر گھاٹی میں تاجروں نے مقامی لوگوں کے تعاون سے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شیرگھاٹی میں جمعہ کےدن ہونے والی ایک بڑی مجرمانہ واردات کے خلاف احتجاج میں جلوس نکالا گیا تھا۔ جلوس جے پی چوک سے ہوتے ہوئے شیرگھاٹی تھانہ تک نکالا گیا۔ اس دوران مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر پولیس سے سیکورٹی کے انتظامات بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ جلوس میں شامل ایک وفد نے پولیس اور انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کی اور متعدد مطالبے کیے۔
اس دوران پولیس کے افسران کی جانب سے وفد کو یقین دلایا گیا کہ بہت جلد اس واردات کو انجام دینے والے بدمعاشوں کو گرفتار کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جلوس کی قیادت کر رہے شیر گھاٹی کے سماجی کارکن عابد امام، شمیم احمد، محمد جاوید اور رامسوروپ وغیرہ نے افسران سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد بدمعاشوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ شیرگھاٹی پولیس تھانہ کے انچارج اجیت کمار کو ایک میمورنڈم دے کر بدمعاشوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ مختلف مقامات پر پولیس کی گشت بھی بڑھائی جانی چاہئے تاکہ واردات کو انجام دینے والے مجرموں کو فوراً پکڑا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: مرزا غالب کالج گیا کے سابق پرنسپل کی یاد میں تعزیتی اور دعائے مغفرت کی مجلس منعقد ہوئی - Prof Khursheed Ahmed Khan Death
واضح ہوکہ جمعہ کی صبح چھ کی تعداد میں رہے بدمعاشوں نے کئی دکان اور مکان کو نشانہ بنایا تھا، لاکھوں روپے نقد اور زیورات کی ڈکیتی کی تھی، اس وردات کے بعد بدمعاش آسانی کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے، ایس ایس پی نے اس واردات کے انکشاف کے لیے پولیس کی ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔ اسی ڈکیتی کے احتجاج میں آج شیر گھاٹی میں تاجروں نے اپنی دکانوں کو بند رکھا اور مقامی لوگوں کی مدد سے ایک بڑا احتجاجی جلوس نکالا تھا۔ اس دوران شیرگھاٹی میں پوری طرح دوکانیں بھی بند رہیں۔