گیا : بہار کے گیا پارلیمانی حلقے کے تحت سبھی ای وی ایم مشینوں اور وی وی پیڈ مشینوں کو کو اسٹرانگ روم میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ ضلع گیا کے گیا پارلیمانی حلقہ میں واقع چھ اسمبلی اور اورنگ آباد پارلیمانی حلقے میں واقع ضلع کے تین اسمبلی حلقوں میں کہیں بھی ری ووٹنگ کی ضرورت نہیں پڑی۔ جس کی وجہ سے جتنی اے وی ایم مشین ووٹنگ میں استعمال کی گئی ان سبھی کو ڈسٹرکٹ الیکشن افسر کم ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن کی موجودگی اور نگرانی کے ساتھ ساتھ تمام امیدواروں اور اُن کے نمائندوں کی موجودگی میں اسٹرانگ روم میں جمع کرا کر اس کو بہتر ڈھنگ سے سیل کردیا گیا ہے۔ سی آئی ایس ایف کی نگرانی میں اسٹرانگ روم کو رکھا گیا ہے۔
ڈسٹرک الیکشن افسر ڈاکٹر تیاگ راجن نے بتایا کہ گیا پارلیمانی حلقہ کے تمام 6 اسمبلی حلقوں یعنی بیلاگنج، گیا صدر، وزیر گنج، بودھ گیا، بارہ چٹی اور شیرگھاٹی اسمبلی کے پولڈ ای وی ایمز پوری رات تک جمع کر دی گئیں۔ ان کی نگرانی میں تمام ای وی ایم مشینوں کو مکمل طور پر پرامن ماحول میں گیا کالج میں بنائے گئے اسٹرانگ روم میں جمع کرایا گیا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ آج تمام امیدواروں کے ساتھ گیا پارلیمانی حلقہ کے جنرل آبزرور کی موجودگی میں ضلع الیکشن آفیسر کم ڈی ایم کے ذریعہ جانچ کی گئی۔ کہیں بھی کوئی ری ووٹنگ نہیں ہے۔ تمام امیدواروں نے کسی چیز پر اعتراض کا اظہار نہیں کیا۔ گیا پارلیمانی حلقہ میں 52.7 ووٹنگ فیصد ہے۔
ووٹنگ پرامن ماحول میں مکمل ہوئی ہے۔ تمام امیدواروں کے لیے اسٹرانگ روم کے دروازے 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کے سامنے دیکھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسٹرانگ روم میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔ سیکورٹی دو سطح پر کی گئی ہے۔ اندرونی حصے میں سیکورٹی کی ذمہ داری سی آئی ایس ایف پلاٹون کو دی گئی ہے اور بیرونی حصے پر بی ایس اے ایف کو دی گئی ہے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ای وی ایم اسٹرانگ روم میں ہر کونے کونے پر سی سی ٹی وی لگائے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے ہدایت دی ہے کہ اے ڈی ایم سطح کے افسران روسٹر کے مطابق ہر روز اسٹرانگ روم کا دورہ کریں گے۔ اور چیک لسٹ کے مطابق چیک کریں گے۔ میونسپل کمشنر کو ہدایت دی گئی کہ وہ احاطے کی صفائی کے مکمل انتظامات کریں۔
ڈی ایم نے ڈپٹی الیکشن آفیسر کو ای وی ایم اسٹرانگ روم کی لاگ بک کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ وزیٹر بک اپڈیٹ رکھنے کے لیے ایک رجسٹر بھی فراہم کیا جائے۔ اس کے علاوہ ڈیوٹی روسٹر لکھنے کے لیے رجسٹر بھی دستیاب کرائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے وہاں موجود سی آئی ایس ایف کے افسر سے کہا کہ تمام قسم کے رجسٹر مکمل تفصیلات کے ساتھ بھرے جائیں گے۔
اس موقع پر تمام 6 اسمبلیوں کے ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، ایڈیشنل کلکٹر پبلک ، ایڈیشنل کلکٹر لاء اینڈ آرڈر، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر، ایگزیکٹیو انجینئر بلڈنگ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گیا ٹاؤن ایریا نمبر 2، تھانہ صدر رام پور اور پولیس افسران موجود تھے۔