گیا: مر کزی حکومت نے حج آپریشن 2024 کے موقع پربہار کے عازمین حج کی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی روانگی اور واپسی کے لیے گیا ضلع کو امبارکیشن پوائنٹ کے طور پر منتخب کیاہے۔ ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے افسران کو حج سفر کے بہتر آپریشن کے لیے ضلع انتظامیہ، حج بھون پٹنہ، ایئرپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ لوگوں سے تال میل بنا کر کاموں کو انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے لیے انہوں نے راہل کمار اسسٹنٹ ڈائریکٹر اقلیتی بہبود محکمہ گیا کو نوڈل افسر کے طور پر نامزد کیا ہے۔ جب کہ ان کی مدد کے لیے ڈسٹرکٹ پلاننگ افیسر تنویر عالم کو اسسٹنٹ نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا ہے۔ گیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج آپریشن 2024 کے تحت عازمین حج کی روانگی کا شیڈول 26.05.2024 سے طے ہے۔ ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے نوڈل آفیسر نامزد کیے جانے کے ساتھ ٹیکہ کاری کیمپ کی تاریخ بھی متعین کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ حج کے لیے روانگی سے قبل اور وہاں جاکر صحت مند رہ کر حج کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے عازمین حج کو منجائٹس اور سیزنل انفلوئنزا سے بچاؤ کے لیے ٹیکے لگائے جاتے ہیں۔ اسی کے تحت گیا ضلع کے عازمین حج کی ٹیکہ کاری اور ان کی تربیت کے لیے کیمپ لگے گا۔ انہوں نے محکمہ اقلیتی فلاح بہار کی ہدایت کی روشنی میں اس کام کے لیےحج کارکنوں اور ٹرینرز کو بھی نامزد کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ گیا ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم نے 18.05.2024 کو اے آر پیلس نگمتیہ گیا میں عازمین حج کی ویکسینیشن اور تربیت کا پروگرام طے کیا ہے۔ تنویر عالم اسسٹنٹ نوڈل آفیسرحج آپریشن کو مقررہ تاریخ پر پروگرام کو بہتر ڈھنگ سے انجام دینے کےلیے کیمپ میں موجود رہنےکی بھی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹرینرز اور کارکنوں ومقامی افراد کے ساتھ رابطہ کر عازمین حج کے لیے ویکسینیشن اور تربیتی پروگرام کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔
ڈی ایم نے سول سرجن و ہیڈ میڈیکل آفیسر گیا کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی سطح سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دیں تاکہ مقررہ تاریخ اور وقت پر ویکسینیشن کروائی جا سکے۔ عازمین حج کی ویکسینیشن کی سرٹیفکیٹ دینے کوبھی یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی اُنہوں نے ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیکہ کاری کے مقام پر ایمبولینس تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کیمپ صبح 8 بجے سے شروع ہوجائے گا۔