گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں آج کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایک طبقے کے 3 افراد کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔ واردات کو انجام دینے کا الزام بالو مافیاؤں پر لگایا گیا ہے۔ حالانکہ پولیس کا کہنا ہے واقعہ فرقہ ورانہ جھگڑا نہیں ہے۔ غیرقانونی طور پر بالو اٹھاؤ کر تیز رفتار سے گاڑی محلے سے گزارنے کو روکنے کو لیکر پیش آیا ہے۔
دراصل ضلع گیا کے کوتوالی تھانہ علاقے کے وارث نگر محلے میں آج لوگ شب برات کی تیاری میں مصروف تھے۔ وارث نگر محلے کے لوگوں کی طرف سے اپنے محلے کے راستوں کی صاف صفائی کی جارہی تھی، اسی دوران اچانک بالو مافیا اور مقامی لوگوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ دونوں طرف سے جم کر پتھر بازی بھی ہوئی جس کے بعد بالو مافیا اور ان کے لوگوں کے ذریعے کئی راؤنڈ تابڑ توڑ فائرنگ کی گئی، جس میں تین مقامی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق زخمی خطرے سے باہر ہیں لیکن اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے فوری طور پر حالات کو قابو کر لیا اور علاقے میں بالو مافیا اور ان کے لوگوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں۔
وہیں اس واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر سٹی ایس پی پریرنا کمار، ٹاؤن ڈی ایس پی پی این ساہو اور کوتوالی تھانہ سمیت کئی تھانوں کی پولیس پہنچی اور پورے علاقے کا جائزہ لیا۔ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
مقامی سماجی رکن وسیم احمد نے اس حوالے سے بتایا کہ ایک غیر قانونی بالو گھاٹ وارث نگر کے پاس واقع ہے۔ جہاں سے بالو کا اٹھاؤ کر تیز رفتار سے گاڑیاں محلے سے گزرتی ہیں، جس پر لوگوں نے آج اعتراض کیا کہ آج شب برات تہوار ہے بچے سڑکوں کی صفائی میں لگے ہیں۔ اتنے تیز رفتار میں چلنے سے حادثہ بھی پیش آسکتا ہے۔ لیکن مخالفت کرنے پر بالو مافیا اور اس کے لوگ دہشت پھیلانے کی غرض سے فائرنگ کر دی، جس سے کئی لوگ زخمی ہو گیے۔
دراصل اس علاقے میں گیا پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے بالو مافیاؤں کے ذریعے غیرقانونی طریقے سے بالو لے جانے کا راستہ بنا دیا گیا ہے۔ پولیس سے بچنے کے لیے بالو لوڈ کرنے کے بعد تیز رفتار سے یہاں وارث نگر محلے سے گاڑیاں گزرتی ہیں۔ اسی درمیان حادثہ ہونے کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔ جس کی مخالفت میں مقامی لوگوں نے آج احتجاج کیا۔ لیکن مافیاوں نے محلے کے باشندوں پر فائرنگ کر کے کئی لوگوں کو زخمی کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
- گیا: بہار سے سفر حج 2024 کیلئے درخواست دینے والوں میں نمایاں کمی
- ریاست میں میرے رہتے نہیں کرسکتا کوئی فساد: تیجسوی یادو
موقع پر پہنچی سٹی ایس پی پریرنا کمار نے بتایا کہ غیر قانونی بالو لدے تیز رفتار ٹریکٹر کے گزرنے کو لے کر جھڑپ اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال بھیجا گیا ہے۔ وہیں پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ واقع میں ملوث بدمعاشوں کی گرفتاری کو لے کر چھاپے ماری بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی فرقہ وارانہ واقعہ نہیں ہے لیکن آج کے دن ایسا ہونے سے کچھ شرارتی اسے دوسرا رخ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ پولیس ان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔