گیا: ریاست بہار کے شہر گیا میں چوری کے الزام میں ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ مرنے سے پہلے اس کے سر کے بال بھی منڈوائے گئے تھے۔ پھر بڑی بے رحمی سے پٹائی کی گئی جس سے اس کی جان چلی گئی۔ مارپیٹ کا ویڈیو بھی منظر عام پر آیا ہے۔ نوجوان گیا شہر کے کوتوالی تھانہ علاقہ کے پنچایتی اکھاڑا محلہ میں واقع کربلا کے پاس کا رہنے والا ہے۔ متوفی کی پہچان محمد خورشید عالم کا 30 سالہ بیٹا محمد سجاد کے طور پر ہوئی ہے۔ نوجوان گزشتہ منگل سے لاپتہ تھا جس کی تلاش جاری تھی تاہم اس دوران لواحقین کو اس کی لاش ملنے کی اطلاع ملی۔ جس کے بعد متوفی کے لواحقین نے چاکند تھانے کی پولیس کے سامنے دیر رات ایک تحریری شکایت درج کرائی۔
یہ بھی پڑھیں:
ہجومی تشدد سے پسماندہ سب سے زیادہ متاثر: پسماندہ مسلم محاذ کی رپورٹ
پولیس کو درخواست کے ساتھ ساتھ ایک ویڈیو بھی دیا گیا جس میں دیکھا جارہا تھا کہ اسے بے رحمی سے پیٹا جارہا ہے۔ ڈی ایس پی لاء اینڈ آرڈر خورشید عالم نے بتایا کہ ویڈیو میں سجاد کو کچھ لوگ لاٹھی ڈنڈے سے بے رحمی سے پٹائی کرتے دیکھے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی نوجوان کی پٹائی کرنے والے لوگ آپس میں یہ باتیں کرتے بھی سنے جا رہے تھے اسے جان سے مار دو۔ لواحقین نے درخواست میں کئی لوگوں کو ملزم بنایا ہے جس میں ویڈیو میں نظر آرہا ایک ملزم محمد ارمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
واقعہ کے تعلق سے ڈی ایس پی خورشید عالم نے بتایا کہ محمد سجاد منگل سے ہی گھر واپس نہیں گیا تھا۔ اس کی تلاش رشتے دار بھی اپنے سطح سے جگہ جگہ کر رہے تھے لیکن اس کی کوئی خبر نہیں مل پا رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کرکے اس کی لاش 10 کلو میٹر دور چاکند تھانہ علاقہ کے تحت ایک گاؤں کے نہر میں پھینک دی گئی جہاں سے لاش برآمد ہوئی۔ ہم لوگ سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ اسے کس نے مارا ہے۔
اسی بیچ ہم لوگوں کو جانکاری ملی کہ سجاد کو گیا پٹنہ اہم سڑک پر واقع ایک کباڑی دکان میں چوری کا الزام لگا کر پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا ہے۔ پھر پٹائی کرنے کا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے جس کے بعد چاکند پولیس کو جانکاری دی گئی۔ چاکند پولیس نے محمد ارمان نام کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ متوفی کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کا قتل کر لاش چاکند تھانے علاقہ میں پھینکا گیا ہے۔
اس معاملہ میں ایس ایس پی اشیش بھارتی نے لاء اینڈ آرڈر ڈی ایس پی خورشید عالم کی قیادت میں ایس آئی ٹی ٹیم تشکیل دے کر کارروائی کے لیے ہدایت دی تھی جس کے تحت کارروائی ہوئی ہے۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ اور بھی ملزم اس معاملہ میں ملوث ہیں۔ سبھی پہچان کرلی گئی ہے۔ ایس آئی ٹی گرفتاری میں لگی ہوئی ہے۔