نئی دہلی: تہاڑ جیل میں بھی قیدی محفوظ نہیں ہیں اور آئے دن ایک دوسرے پر حملہ کرتے رہتے ہیں۔ تازہ واقعہ تہاڑ جیل کے 9 نمبر میں سامنے آیا جہاں تین قیدیوں نے قتل کے الزام میں دو قیدیوں پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
اس واقعہ میں دونوں قیدیوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس معاملے میں قابل غور بات یہ ہے کہ حملہ کرنے والے تین قیدیوں میں سے ایک کے بھائی کو چند سال قبل قتل کر دیا گیا تھا اور اس قتل کے یہ دونوں قیدی ہی ملزم تھے۔
جیل ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق لولی اور لَوِیش قتل کے الزام میں جیل میں بند ہیں۔ جنہوں نے 2020 میں ونئے نامی شخص کا قتل کر دیا تھا۔ بعد میں مقتول ونئے کا بھائی لوکیش کو بھی کسی جرم کے تحت سزا ہوئی جہاں اس کی ملاقات ابھیشیک اور ہمانشو نامی مجرموں سے ہوئی۔ ان تینوں قیدیوں میں سے لوکیش جس کا بھائی مارا گیا تھا اس نے اپنے دو ساتھیوں کو اپنے ساتھ شامل کر لیا اور قتل کے دونوں ملزموں پر چاقو سے حملہ کردیا۔ یہ حملہ اس نے اپنے بھائی کی موت کا بدلہ لینے کی غرض سے کیا تھا۔
سلاخوں کے پیچھے جانے کے بعد سے ہی لوکیش اس فراق میں تھا کہ کس طرح سے اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لیا جائے۔ آخر کار موقع پاکر اس نے اپنے دو ساتھیوں ابھیشیک اور ہمانشو کے ساتھ لولی اور لَوِیش پر حملہ کردیا۔ قابل ذکر ہے کہ تہاڑ جیل میں حملے کا واقعہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی جیل نمبر 3 میں دو گینگز کے قیدی آپس میں لڑ پڑے تھے جس میں 4 قیدی زخمی ہوئے تھے۔ فی الحال دونوں زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: